اسلام آباد: دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ داؤد ابراہیم کی کراچی اسپتال میں داخل ہونے کی خبریں جھوٹ کا پلندہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ بھارت ہمیشہ پاکستان پر الزام تراشی اور جھوٹا پروپیگنڈا کرتا رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے ای یو ڈس انفو لیب کے ذریعے جھوٹا پروپیگنڈا پھیلایا، بھارت یہ بھی من گھڑت باتیں پھیلا رہا ہے کہ داؤد ابراہیم کراچی اسپتال میں داخل ہیں، بھارت کی جانب سے پھیلائی جانے والی یہ خبریں جھوٹ کا پلندہ ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو بھارتی دہشت گردی پر شدید تشویش ہے، بھارت جنوبی ایشیا کے سوا پوری دنیا میں دہشتگردی پھیلا رہا ہے، کلبھوشن جاسوسی اور تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر گرفتار ہوا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر سرکاری دورہ امریکا پر ہیں: ترجمان
ترجمان دفتر خارجہ زہرہ ممتاز بلوچ نے بریفنگ میں کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر سرکاری دورہ امریکا پر ہیں، انہوں نے امریکا میں ملاقاتیں کی ہیں، آرمی چیف نے دفاعی معاملات کے فروغ سے متعلق بات چیت کی۔
کالعدم ٹی ٹی پی کے پاس جدید ترین ہتھیار، اسلحہ موجود ہے: ترجمان
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ریاست پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی میں کوئی بات چیت نہیں ہورہی، ہماری توجہ کالعدم ٹی ٹی پی اور دہشتگرد گروہوں کے خلاف ہے، افغان حکام اپنی سرزمین پر پاکستان مخالف دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی کے پاس جدید ترین ہتھیار، اسلحہ موجود ہے، اس قسم کا اسلحہ پاکستانی سیکیورٹی اداروں کے پاس ہے، پاکستان چاہتا ہے افغانستان دہشتگردوں کو روکے۔
پاکستان اور ایران کے مضبوط تعلقات ہیں: ترجمان
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان اچھے اور مضبوط تعلقات ہیں، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے امریکا سمیت تمام ممالک سے رابطے میں ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امید ہے افغانستان کی سرزمین پاکستان مخالف استعمال نہیں ہوگی، افغانستان کے اندر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں، پاکستان نے افغانستان سے دہشتگردی کا معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھایا ہے پاکستان دہشت گردوں کے خاتمے کا خواہاں ہے۔