12.6 C
Dublin
اتوار, مئی 19, 2024
اشتہار

روبینہ بدر: ایک دل کش آواز جو ہمیشہ کے لیے خاموش ہوگئی

اشتہار

حیرت انگیز

روبینہ بدر نوعمر تھی جب پہلی مرتبہ فلم بیٹی کے لیے ایک گیت اپنی آواز میں ریکارڈ کروایا۔ اس گیت کے بول تھے، ذرا بچ کے رہنا بھیا، یہ دنیا سب کو ستائے، اللہ میاں بچائے۔ بے بی روبینہ کو بعد میں کئی فلموں کے لیے گیت ریکارڈ کروانے کا موقع ملا اور گلوکاری کے اس سفر میں روبینہ نے فلم کے علاوہ ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے لیے بھی گیت گائے۔ آج پاکستانی فلم انڈسٹری کی اس گلوکارہ کی برسی منائی جارہی ہے۔

فلم بیٹی ایک بامقصد فلم تھی جس کا موضوع ہمارا سماج تھا۔ اس کے ہدایت کار رضا میر اور فلم ساز اقبال شہزاد تھے۔ یہ بات ہے 1964ء کی جب پاکستان میں فن کاروں کی گویا ایک کہکشاں تھی جس میں بے مثال اداکار، بے مثال گلوکار اور موسیقار، سدا بہار نغمات کے خالق شعرا اور جان دار مکالمے تحریر کرنے والے ادیب اور کہانی نویس شامل تھے۔ یہی نہیں بلکہ اس زمانے کے فلم ساز اور ہدایت کار بھی ہر لحاظ سے بہترین اور شان دار کام کرتے تھے۔ بے بی روبینہ کا کورس میں ایک مزاحیہ گیت بھی ریکارڈ کیا گیا تھا جس کے بول تھے: دنیا ریل گاڑی، ہے سانپ کی سواری، جو سمجھے وہ کھلاڑی، نہ سمجھے وہ اناڑی بھیّا…

ٹی وی پر روبینہ کا ایک گیت بڑا مقبول ہوا تھا جس کے بول تھے، تجھ سنگ نیناں لاگے، مانے نہ ہی جیارا۔

- Advertisement -

فلمی گلوکارہ روبینہ بدر کو 28 مارچ 2006ء میں کینسر کے مرض نے زندگی سے محروم کر دیا تھا۔ بوقتِ وفات ان کی عمر 50 سال تھی۔

پاکستان ٹیلی وژن سے نشر ہونے والے گیت تم سنگ نیناں لاگے کو روبینہ بدر کے کیریئر کا اہم موڑ کہا جاسکتا ہے۔ بعدازاں وہ فلموں کے لیے گانے لگیں اور لاہور بھی گئیں اور پھر نثار بزمی نے انھیں کراچی بلوا لیا جہاں ان کے ساتھ بھی روبینہ نے خوب کام کیا۔ روبینہ بدر کے گائے ہوئے گیت جن فلموں میں شامل ہوئے ان میں ایمان دار، چکر باز، شوکن میلے دی، حکم دا غلام، انتظار، پردہ نہ اٹھائو، عزّت شامل ہیں۔ انھوں نے اردو ہی نہیں پنجابی زبان میں بھی فلمی نغمات ریکارڈ کروائے۔ روبینہ بدر کی آواز میں جو گیت نثار بزمی صاحب نے ریکارڈ کیا تھا اس کے بول تھے:

میرے اچھے نانا پیارے پیارے نانا
جھوٹ موٹ میں تم سے روٹھوں تم مجھے منانا

اس فلم میں کئی گیت مشہور گلوکاروں نے گائے تھے مگر روبینہ بدر کے گائے اس گانے کو بڑی مقبولیت حاصل ہوئی تھی، یہ وہ گیت تھا جو اس زمانے میں ریڈیو سے تقریباً روزانہ ہی نشر ہوتا تھا۔ ٹیلی وژن اور فلم کے لیے گائے ہوئے نغمات نے روبینہ بدر کو پہچان دی اور شائقین میں ان کی مقبولیت میں اضافہ کیا۔ موسیقار نثار بزمی نے گلوکارہ روبینہ بدر کی بہت حوصلہ افزائی کی اور کام بھی دلوایا۔ اس زمانے میں‌ نثار بزمی پاکستان فلم انڈسٹری کے مصروف ترین موسیقاروں میں سے ایک تھے۔ انھوں نے کئی نئے گلوکاروں کو بھی فلموں کے لیے گیت گانے کا موقع دلوایا تھا۔ مشہور پاکستانی فلم انتظار کے گیت نثار بزمی نے خاص طور پر روبینہ سے گوائے جن میں‌ لیجنڈری گلوکار مہدی حسن کے ساتھ روبینہ بدر کی آواز میں ایک ڈوئیٹ بھی شامل تھا۔ اس گیت کے شاعر مسرور انور تھے اور اس کے بول تھے:

پیار کی اک نئی راہ پر ہم کو تقدیر لے آئی ہے
زندگی بھر نہ بچھڑیں گے ہم دو دلوں نے قسم کھائی ہے

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں