پیرس: فرانس کی پولیس نے برطانوی گلوکار پیٹی دھوہرتی کو ایک ہفتے میں دوسری بار گرفتار کرلیا۔
فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے نوجوان گلوکار کو دوسری بار پرتشدد رویے کی وجہ سے گرفتار کیا، اس سے قبل انہیں منشیات برآمد ہونے کے الزام گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد مشروط رہائی دی گئی تھی۔
پراسیکیوٹر آفس کی جانب سے گزشتہ روز جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ چالیس سالہ شخص کو نشے کی حالت میں اتوار کی شام اُس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ امن و امان کی صورتحال کو خراب کررہا تھا۔
اعلامیے کے مطابق اس سے قبل گلوکار کوجمعرات کی رات اُس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب ان کے قبضے سے کوکین برآمد ہوئی تھی۔
پراسکیوٹر آفس نے گرفتاری کے حوالے سے مزید وضاحت یپش نہیں کی البتہ فرانسسی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ گلوکار نے پیرس کے علاقے میں نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکار اس سے قبل بھی منشیات برآمدگی کی وجہ سے متعدد بار گرفتار ہوچکے ہیں۔
یاد رہے کہ رواں سال جنوری کے مہینے میں فرانس کی پولیس نے خاتون سے زیادتی کے الزام پر امریکی گلوکار سمیت دو افراد کو گرفتار کیا تھا۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ’امریکی گلوکار اور اُن کے ساتھیوں کو فرانس کے تھانے منتقل کردیا گیا جہاں اُن سے واقعے کی تفتیش کی جائے گی‘۔