منگل, نومبر 12, 2024
اشتہار

’آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری معاشی ٹیم کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے‘

اشتہار

حیرت انگیز

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری معاشی ٹیم کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف پیکیج کی منظوری پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے آئی ایم ایف پیکیج میں معاونت کرنے والے دوست ممالک بالخصوص سعودی عرب، چین، یو اے ای کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ معاشی ٹیم کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

- Advertisement -

شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے معاشی اصلاحات کا نفاذ تیزی سے جاری ہے، معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کے اہداف کے لیے محنت جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں، سرمایہ کاری میں اضافہ خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز سے ترسیلات زر میں اضافہ حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے، ترسیلات میں اضافے پر اوورسیز پاکستانی برادری کے شکر گزار ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یونہی محنت جاری رہی تو انشا اللہ یہ پاکستان کا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا۔

واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل عالمی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کیلیے 7 ارب ڈالرز کے بیل آؤٹ پیکج کی منظوری دی ہے۔

پاکستان کیلیے آئی ایم ایف قرض پروگرام کی مدت 37 ماہ ہوگی جبکہ اس کی پہلی قسط 30 ستمبر تک پاکستان کو ملے گی۔

قبل ازیں آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس جاری رہا تھا جس میں پاکستان کا قرض پروگرام ایجنڈے میں سرفہرست تھا۔ منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹینا جارجیوا اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں