ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

نواز شریف پاکستان کیلیے طاقتور انجن ہیں، جاوید لطیف

اشتہار

حیرت انگیز

مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی صورت میں پاکستان کے پاس طاقتور انجن ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر جاوید لطیف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج بھی پاکستان کے پاس طاقتور انجن نواز شریف کی صورت میں موجود ہے جو مایوسی اور پریشان کے عالم میں بھی اس ملک کے انفرا اسٹرکچر، اداروں کی کمزوریاں اور معیشت ٹھیک کر کے پاکستان کو بھنور سے نکال سکتا ہے تاہم شرط یہ ہے کہ اس طاقتور انجن کے ٹریک پر بارودی سرنگیں بچھانا بند کر دی جائیں۔

جاوید لطیف نے کہا کہ یہ بارودی سرنگیں بچھانے والے بھی محسوس کر رہے ہیں کہ نواز شریف ہی قوم کو جوڑ اور معیشت کو سنبھالا دے سکتا ہے۔ اب بھی کوئی یہ سمجھتا ہے سارے فیصلے ستمبر میں ہی ہوں گے تو اس سے بڑی بدقسمتی نہیں ہوسکتی اور ستمبر کا انتظار سے بڑا ظلم اس ریاست کے ساتھ نہیں ہو سکتا۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاستدان تو ریاست پر قربان ہوتے آئے ہیں لیکن ریاست کسی سیاستدان پر قربان ہو جائے یہ نہیں ہونے دیں گے۔ لوگ جان چکے کہ 2017 سے کیا کھیل کھیلا جا رہا ہے اور کردار کون کون ہیں۔ کچھ نام ایسے ہیں جنہیں نواز شریف کو کمزور کرنے کیلیے پیدا کیا گیا۔ آپ کے ادارے بھی آپ کو غلام رکھنا چاہتے ہیں۔ غلامی سے نکالنے کیلئے ذہن سازی کی جا رہی تھی تو 9 مئی نکلا۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ اعظم خان نے کل جو انکشاف کیا وہ پہلے ہی کسی سے پوشیدہ نہیں۔ سائفر کے حوالے سے قومی سلامتی کونسل کے دونوں اجلاس میں کہا گیا کہ عدم اعتماد کیلیے سازش ہوئی نہ کوئی فنڈ جمع کیا گیا۔ پاکستان کا آئین توڑنے پرآرٹیکل 6 لگتا ہے تو ریاست پر حملہ کرنے والے پر آرٹیکل چھ کیوں نہیں لگتا۔ دو ماہ سے ریاست پوچھ رہی ہے مجھ پر حملہ کرنے والے کو سزا کب ملے گی لیکن کوئی جواب نہیں۔

جاوید لطیف نے مزید کہا کہ سرحد پار سے آکر تنصیبات پر حملے کرنے والے کو دہشت گرد کہا جاتا ہے لیکن اگر کوئی اندر سے تنصیبات پر حملہ کرے تو وہ کیوں دہشتگرد نہیں؟ طاقتور حلقے اور ان کے لوگ اس کی آڑ میں نا پسندیدہ لوگوں کو سزا دیتے ہیں۔ آئین اور قانون طاقتور لوگوں تک پہنچنے سے کیوں محروم رہتا ہے۔ آج آئین اور قانون پر عمل نہیں ہو رہا ہے اور بدقسمتی سے پاکستان میں یہ دونوں چیزیں غریب کے لیے تو ہیں لیکن طاقتور کے لیے نہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں