ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

ہمارا مینڈیٹ چوری کر کے پنجاب کا وزیراعلیٰ بنایا گیا، اسد قیصر

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہمارا مینڈیٹ چوری کر کے پنجاب کا وزیراعلیٰ بنایا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ اختر مینگل سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اختر مینگل سے ملاقات کیلیے بھیجا ہے۔ پی ٹی آئی سمیت بہت سی جماعتوں کو الیکشن پر تحفظات ہیں۔

- Advertisement -

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حالیہ الیکشن میں جو دھاندلی ہوئی وہ تاریخ میں کبھی نہیں کی گئی، ہمارا مینڈیٹ چوری کر کے پنجاب کا وزیر اعلیٰ بنایا گیا لیکن جعلی طریقے سے وزیر اعلیٰ بننے کو کون مانے گا؟ اور چوری کے مینڈیٹ سے بننے والی کابینہ کی اخلاقی پوزیشن کیا ہو گی؟

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہم شفاف الیکشن اور آئین کی سر بلندی چاہتے ہیں اور اس کے لیے جی ڈی اے سمیت تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر چلیں گے، دھاندلی کیخلاف تمام جماعتوں سے بات ہو چکی، مشترکہ لائحہ عمل مرتب کر رہے ہیں، خواہش ہے کہ اس معاملے پر آگے بڑھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بند کمروں میں بیٹھ کر فیصلے کرنے کا اختیار کسی کو نہیں، ہماری سیٹیں چھینی گئیں، اس کے لیے قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔

بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے کہا کہ یہ منفرد انتخابات ہیں کہ 20 دن گزرنے کے بعد بھی نتائج اب تک آ رہے ہیں۔ بلوچستان میں دھاندلی کیخلاف ہمارا 4 جماعتی اتحاد قائم ہے، کوشش ہو گی ان پارٹیوں کے ساتھ میٹنگ کریں۔

بلوچ رہنما نے کہا کہ دھاندلی کے مرض کا خاتمہ صرف پین کِلر سے نہیں بلکہ سرجری سے ہوگا۔ حق رائے دہی تسلیم نہیں کریں گے تو ملک کیسے آگے بڑھے گا۔ آئین کی بالادستی تک ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف نے صدر کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیے جانے سے انکار پر اسپیکر کی جانب سے اجلاس طلب کیے جانے کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسپیکر کے پاس قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا اختیار نہیں ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں