اسلام آباد میں پی ٹی آئی مظاہرین کی پرتشدد کارروائیوں میں شدید زخمی ہونے والے رینجرز اہلکاروں کے بیانات سامنے آگئے۔
طبی امداد اور علاج کیلیے اسپتال میں داخل اہلکاروں نے ایک ویڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے اپنے اوپر ہونے والے مظالم سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر زخمی رینجرز اہلکار نائیک محمد سفیر نے بتایا کہ میں ڈیوٹی پر موجود تھا کہ اس دوران مشتعل پی ٹی آئی مظاہرین آئے اور انہوں نے مجھ سے شیٹ اور ہیلمٹ وغیرہ چھین لیا۔
زخمی رینجرز اہلکار محمد سفیر نے بتایا کہ انہوں نے ہم پر ڈنڈوں سے تشدد اور پتھراؤ کیا اور گولیاں بھی چلائیں، جس سے میری ناک اور ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی، اس کے علاوہ انہوں نے میری کمر بھی لاٹھیاں برسائیں جس سے کمر میں بھی سوجن ہوگئی ہے۔
زخمی رینجرز اہلکار محمد آصف کا کہنا تھا کہ ہم چھ ساتھی کھڑے تھے کہ پی ٹی آئی کے شرپسندوں کی تیز رفتار گاڑی نے ہمیں کچل دیا جس سے ہمارے تین ساتھی شہید اور تین زخمی ہوگئے۔
زخمی رینجرز اہلکار عرفان نے بتایا کہ مشتعل پی ٹی آئی مظاہرین نے ہم پر پتھراؤ اور فائرنگ کی مظاہرین نے مجھ سے شیٹ اور ہیلمٹ چھین لیا اور ڈنڈے سے حملہ کرکے بازو اور ٹانگ توڑ دی جس کے بعد میں تکلیف سے بے ہوش ہوگیا۔
ایک اور سپاہی شہزاد کا کہنا تھا کہ مشتعل پی ٹی آئی مظاہرین نے بڑی تعداد میں اچانک حملہ کیا اس موقع پر ان میں سے کسی سے فائرنگ کی اور ایک گولی ہمارے ساتھی کے ہیلمٹ میں سوراخ کرتی ہوئی اس کے سر میں جالگی جس کی اسپتال میں حالت تشویشناک ہے۔