لاہور: پاکستانی گلوکارہ رابی پیرزادہ نے شاعر مشرق ڈاکٹر علامّہ محمد اقبال کے مشہورِ زمانہ کلام لا الہٰ الا اللہ کو ایک نیا روپ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق رابی پیر زادہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’کلامِ اقبال ہماری نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہے‘‘۔
گلوکارہ نے بتایا کہ علامہ اقبال کے کلام کو سامعین و ناظرین تک پہنچانے میں گوجرانوالہ میں واقع اسکول کے طالب علموں نے بھی حصہ لیا، امید ہے یہ کاوش پسند آئے گی۔
رابی پیرزادہ کا کہنا تھا کہ کلامِ اقبال خود ایک درسگاہ کی طرح ہے، اور آج کل کے بچوں اور بالخصوص طالب علموں کو اسے پڑھنا اور سمجھنا چاہئے۔
یاد رہے کہ رابی پیرزادہ اہم قومی دنوں پر ملی نغمے جبکہ دیگر ایام میں اپنے گانے کی ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں، انہوں نے چودہ اگست کے موقع پر قومی نغمہ تیار کیا تھا جس میں تینوں مسلح افواج کے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا تھا۔