19 C
Dublin
پیر, مئی 27, 2024
اشتہار

ہوٹلوں پر بیٹھے شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کا سرگرم لٹیرا فوٹیج کی مدد سے پکڑا گیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد میں ہوٹلوں پر بیٹھے شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کا سرگرم لٹیرا سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پکڑا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے چائے خانوں پر بیٹھے شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے ڈکیت گینگ کے سرگرم رکن گل زمان کو نارتھ ناظم آباد پولیس نے واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کر لیا۔

ایس ایس پی معروف عثمان کے مطابق نارتھ ناظم آباد پولیس کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران ڈکیت گروہ کے ایک مرکزی رکن کو سی سی ٹی وی فوٹیج اور تکنیکی بنیادوں پر گرفتار کر لیا گیا۔

- Advertisement -

ملزم گل زمان عرف بہادر اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر مختلف ہوٹلوں پر بیٹھے لوگوں سے موبائل فون اور کیش چھینتا تھا، گل زمان ایک درجن سے زائد وارداتیں کر چکا ہے، اس کا ایک ساتھی آصف عرف قبا رضویہ کے علاقے میں واردات کر تے ہو ئے پکڑا گیا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق گل زمان بورڈ آفس، فائیو اسٹار، ناظم آباد، چاؤلہ مارکیٹ، ناگن چورنگی اور حیدری پر ہوٹلوں میں وارداتیں کرتا تھا، گل زمان نے 15 اپریل کو اپنے ساتھیوں آصف عرف قبا اور ذیشان افغانی کے ساتھ مل کر بلاک اے نارتھ ناظم آباد بائیکو پیٹرول پمپ کے پاس ’25 گھنٹے‘ نامی ہوٹل پر 6 موبائل فون چھینے تھے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔

گل زمان نے بتایا کہ وہ ہفتے میں 40/45 موبائل فون چھینتے ہیں جو کہ جمع کر کے حسین علی نامی شخص کے ذریعے افغانستان بھیجے جاتے ہیں، ملزم سے دوران گرفتاری چھینے گئے موبائل فون، ایک پستول اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

گل زمان کے خلاف تھانہ نارتھ ناظم آباد میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس سے اس کے ساتھیوں کی گرفتاری اور برآمدگی کے لیے مزید تفتیش اور چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

Comments

اہم ترین

افضل خان
افضل خان
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں