پاکستان انڈسٹری کی ماضی کی معروف اداکارہ سعدیہ امام نے کہا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کی اچھی تربیت کرنے کے لیے باقاعدگی سے پانچ وقت کی نماز پڑھتی ہیں۔
سعدیہ امام نے حال ہی میں اپنی بیٹی کے ہمراہ اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی بیٹی کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے بات چیت کی۔
اداکارہ سعدیہ امام نے کہا کہ میرے شوہر کام کی وجہ سے ملک سے باہر رہنا پڑتا ہے، اسی لیے میں ماں اور باپ دونوں بن کر اپنی بیٹی کی پرورش کررہی ہوں۔
View this post on Instagram
ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی تربیت تعلیم سے نہیں بلکہ والدین کی روز مرہ کی روٹین سے ہوتی ہے، میں نے اپنی والدہ سے زندگی کے طور طریقے سیکھے تھے اور اب میری بیٹی میرب مجھے دیکھ کر سیکھ رہی ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب بچے چھوٹے ہوتے ہیں تو وہ ہر اچھے اور بُرے کام اپنے والدین سے ہی سیکھتے ہیں لہٰذا والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کے سامنے نیک اور اچھے کام کریں۔
سعدیہ امام نے کہا کہ اگر کبھی ایسا ہوتا ہے کہ میں گھر میں موجود نہیں ہوں اور پیچھے سے مہمان آگئے تو میری بیٹی بہت اچھی مہمان نوازی کرتی ہے، وہ میرے آنے کا انتظار نہیں کرتی اور مہمانوں کے ساتھ اچھے سے پیش آتی ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ میں اپنی بیٹی کی وجہ سے ہی پانچ وقت کی نماز پڑھتی ہوں تاکہ وہ مجھے دیکھ کر سیکھے، اب مجھے اپنی بیٹی کو نماز کے لیے کہنا نہیں پڑتا کیونکہ وہ مجھے دیکھ کر سیکھ چکی ہے اور اب خود ہی باقاعدگی سے نماز پڑھتی ہے۔
واضح رہے کہ سعدیہ امام نے 2012 میں پاکستانی نژاد جرمنی کے صنعت کار عدنان حیدر کے ساتھ نکاح کیا تھا جبکہ اُن کی رخصتی 2013 میں ہوئی تھی، اس جوڑے کی ایک بیٹی ہے جس کا نام میرب ہے۔