لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے پاکستان کا دورہ کیا اور خوب دعوتیں بھی اڑائیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا دو روز قبل شعیب ملک کے ہمراہ دبئی سے پاکستان پہنچیں خوب سیر و تفریح کے ساتھ سسرال والوں کے علاوہ دیگر نامور شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں۔
ثانیہ مرزا نے شعیب ملک کی والدہ سے ملاقات کی اور اُن سے خوب دعائیں بھی لیں ، اس موقع پر سابق کپتان نے ایک سیلفی بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کی جس کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’ماں ہماری جنت‘۔
اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے اپنے گھر پر شاندار دعوت کا اہتمام کیا جس میں شعیب ملک اور اُن کی اہلیہ سمیت دیگر کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی اور خوب دعوت اڑائی۔
بھارتی ٹینس اسٹار نے لاہور کے مختلف بازاروں کا دورہ کیا اور وہاں سے خوب خریداری کی، اس دوران مارکیٹوں میں گھومنے والے لوگوں نے جب جوڑے کو ساتھ دیکھا تو سیلفی لینے کی فرمائش بھی کی۔
پاکستانی اداکارہ ماوراہ اور عروہ حسین کی جانب سے نجی ہوٹل میں ثانیہ مرزا کے لیے خصوصی کافی کی دعوت کا اہتمام کیا گیا جس کی انہوں نے تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل شیئر کی۔
واضح رہے کہ کچھ روزقبل دبئی میں نجی ہوٹل کی افتتاحی تقریب کے دوران صحافی نے جب ثانیہ مرزا سے پسندیدہ کھانے کے بارے میں پوچھا تھا تو انہوں نے بلاجھجھک جواب دیا تھا کہ ’پاکستان کی حلوہ پوری بہت پسند ہے اور وہاں جاکر اپنی پسندیدہ ڈش ضرور کھاؤں گی‘۔