جمعہ, دسمبر 13, 2024
اشتہار

سعودی اقامہ ہولڈرز کو اہم سوال کا جواب مل گیا

اشتہار

حیرت انگیز

سعودی اقامہ ہولڈرز نے جوازات سے آئن لائن سسٹم ہونے کے بعد کفیل کی تبدیلی سمیت دیگر اہم سوالات کیے جن کے انہیں تسلی بخش جواب دیے گئے۔

جوازات کو ایک شخص نے بتایا کہ وہ بیرون ملک خروج وعودہ پر گیا ہوا ہے اور کام کی وجہ سے فوری واپسی مشکل ہے، اس نے استفسار کیا کہ آن لائن سسٹم ہونے کے بعد کیا یہ ممکن ہے کہ مملکت سے باہر رہتے ہوئے وہ کفالت تبدیل کرالے؟ کیونکہ جس کمپنی میں وہ ملازم ہے اس کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ مستقل بنیادوں پر بند کی جا رہی ہے اور کمپنی کی کمرشل رجسٹریشن ’سی آر‘ بھی چند ماہ بعد معطل ہوجائے گی۔

اس سوال کے جواب میں جوازات نے مذکورہ شخص کو کہا کہ مملکت سے باہر ہوتے ہوئے آن لائن سسٹم کے تحت صرف اقامہ کی تجدید اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ کفالت کی تبدیلی کے لیے کارکن کا مملکت میں موجود ہونا ضروری ہے کیونکہ اقامہ ہولڈر کارکن کی سپانسر شپ تبدیلی کے لیے لازمی ہے کہ کارکن مملکت میں ہی موجود ہو۔

- Advertisement -

واضح رہے قانون کے مطابق کفالت کی تبدیلی کے وقت کارکن کا مملکت میں موجود ہونا ضروری ہے کیونکہ کفالت یعنی سپانسرشپ کی تبدیلی کے وقت ملازمت کا معاہدہ کیا جاتا ہے اور حقوق و واجبات کی ادائیگی کے حوالے سے بھی اہم معاملات ہوتے ہیں جس کے لیے یہ ممکن نہیں ہوتا کہ کارکن بیرون ملک ہو اور کفالت تبدیلی کی درخواست دی جا سکے۔

اسی طرح گھریلو کارکن کے نئے پاسپورٹ کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا کہ فیملی ڈرائیور اورخادمہ کے نئے پاسپورٹ کی انٹری جوازات کے سسٹم میں کرانی ہے کیا اسپانسر کے ابشر اکاونٹ سے کی جاسکتی ہے یا یہ سہولت صرف کمرشل کارکنوں کے لیے ہی ہے؟

جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ’ ابشر پلیٹ فارم پر اس کی سہولت فراہم کی گئی ہے، گھریلو کارکن کے نئے پاسپورٹ اور پرانے پاسپورٹ، اقامے اسکین کرکے ان کی ایک ہی پی ڈی ایف فائل بنائی جائے اور اس کو ابشر پرموجود تواصل سروس کے ذریعے اپ لوڈ کی جائے لیکن یہ بات ذہن نشین رہے کہ سکین شدہ فائل کا سائز 3 ایم بی ہونا چاہیے۔

جوازات کا یہ جواب ان لوگوں کے لیے بھی ہے جو غلطی سے دستاویزات کو جدا جدا اپ لوڈ کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی درخواست مسترد ہوجاتی ہے، پی ڈی ایف کی ایک ہی فائل میں تینوں دستاویزات منسلک کی جائیں۔

تواصل پر درخواست اپ لوڈ کرنے کے ساتھ ہی موبائل پرمیسج موصول ہوجاتا ہے، اگر درخواست درست طور پر اپ لوڈ کی گئی ہوتی ہے تو 3 سے 5 دنوں میں آپ کی درخواست پر عملدرآمد ہوجاتا ہے۔

تاہم درخواست مسترد ہونے کی صورت میں ابشر پر اعتراض کیا جاسکتا ہے تاہم اعتراض ہونے کی صورت میں درخواست گزار کو چاہیے کہ وہ اپنے قریبی جوازات کے دفتر سے وقت حاصل کرے جس کے بعد ابشر پر آنے والے اعتراض کو پرنٹ کرے اور جوازات کے دفتر میں کارکن کے نئے اور پرانے پاسپورٹ اور مقررہ فارم کے ساتھ جوازات کے اہلکار کو کو تمام صورتحال سے آگاہ کرے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں رہائشی قانون کے تحت اقامہ ہونا لازمی ہے، سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے قانون کے مطابق مملکت میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کے اسپانسرز کے ذمے کارکنوں کی دستاویزات مکمل رکھنے کی ذمے داری ہوتی ہے، اس میں کارکنوں کا اقامہ، سالانہ میڈیکل انشورنس، خروج وعودہ یا فائنل ایگزٹ ویزے کا اجرا ودیگر امور کی انجام دہی شامل ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں