کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر مسافروں کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی جا رہی ہے، مسافروں کے نام اسٹاپ لسٹ میں چیک کیے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے ایئرپورٹ پر مسافروں کا غیر معمولی رش لگ دیکھنے میں آیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا ہے، ایف آئی اے ایمیگریشن کاؤنٹرز پر مسافروں کی لمبی قطاریں لگ گئیں تھیں، جس کی وجہ سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق غیر ملکی ایئرلائنز کی 4 پروازوں کے مسافروں کے ایمیگریشن کے عمل میں تاخیرکا سامنا رہا، مسافروں کی سفری دستاویزات کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی گئی، بیرون ملک جانے والے مسافروں کی اسٹاپ لسٹ میں نام بھی چیک کیے گئے۔
دوسری جانب ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے ایمیگریشن نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ مسافروں کی جلد از جلد ایمیگریشن کے لیے مزید عملے کو بھی لگایا گیا تھا تاکہ مسافروں کو مشکلات پیش نہ آئیں۔
انھوں نے کہا مسافروں کے ایمیگریشن کے عمل کو فوری طور پر مکمل کیا گیا تھا، بیرون ملک جانے والی 4 غیر ملکی ایئر لائنوں کی پروازیں آپریٹ ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے رش لگ گیا تھا۔