ممبئی: بالی ووڈ انڈسٹری میں ابھرتی ہوئی نوجوان اداکارہ زائرہ وسیم نے کہا ہے کہ اگر انہیں پاکستانی فلموں میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی تو وہ ضرور کام کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق کشمیر سے تعلق رکھنے والی 17 سالہ کشمیری لڑکی زائرہ وسیم نے شوبز کیریئر کا آغاز فلم دنگل سے کیا جس میں انہوں نے گیتا پھوگاٹ کا کردار ادا کیا، بالی ووڈ کی پہلی فلم نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا۔
زائرہ کی اداکاری نے ناظرین کے دل اسے موہے کہ عامر خان نے انہیں اپنی نئی فلم سیکریٹ سپر اسٹار میں کاسٹ کیا، یہ فلم ایک ایسی لڑکی کی کہانی بیان کرتی ہے جو میوزک کی دنیا میں نام کمانا چاہتی ہے تاہم گھر والوں کی سختیاں اُسے آگے بڑھنے نہیں روک دیتی ہیں مگر انتھک جدوجہد اُسے اپنے مشن میں کامیاب کرتی ہے۔
نوجوان اداکارہ اپنے جنون کو آخری حد تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتی ہیں اور ساتھ یہ بھی خیال رکھتی ہیں کہ اُن کے اہل خانہ کو اس بات کی خبر نہ ہو جس کے لیے وہ حجاب پہن کر اپنا منہ چھپاتی اور ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کرتی ہیں۔
پڑھیں: عامر خان کی فلم ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ چین میں ریلیز کرنے کی تیاریاں
بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں زائرہ وسیم نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں اور خود کو اس لیے خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ ابتدائی دنوں میں ہی اچھے لوگوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا اور ایسی فلمیں ملیں جو تفریح اور پیغام کا ذریعہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عام طور پر میرے بارے میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ میں دباؤ کا شکار ہوں ، ایسا ہرگز نہیں ہے ہاں مگر میں ہر وقت سوچوں میں گم رہتی ہوں اور اصل زندگی میں بھی ایسی نظر آتی ہوں جیسا فلم سیکریٹ سپر اسٹار میں کام کیا۔
حجاب پہننے اور نقاب کرنے پر زائرہ کا کہنا ہے کہ وہ سمجھتی ہیں خواتین کو یہ حق حاصل ہونا چاہیے کہ وہ اپنی مرضی سے سوچ سکیں اور جو دل چاہیے کپڑے پہنیں مگر افسوس کہ ایسا نہیں ہے۔
فلم کی پسندیدگی پر زائرہ نے پاکستانی ناظرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے یہ فلم نہیں دیکھی وہ ضرور دیکھیں انہیں ضرور پسند آئے گی کیونکہ ایک بار دیکھنے والا فلم دوبارہ دیکھنے کی خواہش کرتا ہے۔
پاکستانی فلموں میں کام کی پیش کش پر زائرہ کا کہنا تھا کہ اگر کسی ہدایت کار نے کام کی آفر کی تو وہ اس کو ضرور قبول کریں گی کیونکہ فنکاروں کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔