شارجہ: متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں کنکریٹ سے لدی کرین گر پڑی جس کے نتیجے میں ایک بھارتی مزدور ہلاک ہوگیا۔ مزدور کی لاش 7 گھنٹے طویل آپریشن کے بعد ملبے سے باہر نکالی گئی۔
یہ واقعہ شارجہ کے علاقے ال نہادا میں تعمیراتی سائٹ پر پیش آیا جب کئی ٹن کنکریٹ سے لدی کرین ٹوٹ کر گر پڑی۔ واقعے میں 34 سالہ بھارتی مزدور ملبے تلے دب گیا جس کی لاش شارجہ سول ڈیفینس نے 7 گھنٹے طویل آپریشن کے بعد نکالی۔
حادثے میں ایک 23 سالہ پاکستانی مزدور بھی بری طرح زخمی ہوا جس کی شناخت فراست خان کے نام سے ہوئی۔ فراست کو شارجہ کے قاسمی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ آئی سی یو میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہا ہے اور اس کی حالت نازک ہے۔
شارجہ سول ڈیفینس حکام کے مطابق حادثے کے 5 منٹ کے اندر ہی ریسکیو ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی تھی جس کے بعد زخمی مزدور کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ان کے مطابق کرین نہایت بھاری بھرکم تھی اور اس پر لدی ہوئی کنکریٹ بھی خاصی مقدار میں تھی جس کی وجہ سے ریسکیو ٹیم کو مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مزدور کی لاش نکالنے کے لیے کرین کو کئی حصوں میں کاٹا گیا جس کے بعد ایک اہلکار اندر گہرائی میں اترا اور لاش کو کھینچ کر باہر لایا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کمپنیوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ کام کے دوران حفاظتی اقدامات کا خیال رکھیں اور اپنے مزدوروں کو ہیلمٹ اور دستانے پہننے کے لیے پابند کریں۔
علاوہ ازیں مختلف تعمیراتی آلات بشمول کرین اور دیگر مشینری کی مینٹیننس کو چیک کرتے رہنا اور کسی خرابی کی صورت میں اسے درست کروانا بھی ان کی ذمہ داری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وہ واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، اگر متعلقہ کمپنی حفاظتی اقدامات میں کوتاہی اور غفلت کی مرتکب پائی گئی تو اسے سزا اور جرمانے کا سامنا کرنا ہوگا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔