بدھ, فروری 12, 2025
اشتہار

وزیر اعظم نے رمضان میں اشیائے خور و نوش کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کیلیے ہدایت جاری کر دی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک میں اشیائے خور و نوش کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کی حکمت عملی بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔

وزیر اعظم کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ عوام کو اشیائے خور و نوش کی کم نرخوں پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر سستے داموں اشیائے خور و نوش کی فراہمی یقینی بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں: چاہتا ہوں قوم یاد رکھے ایک خادم آیا تھا جس نے ملک کو دوبارہ پٹری پر چڑھایا، وزیر اعظم

کابینہ اجلاس میں بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی اور مذہبی رواداری کی حکمت عملی کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی کے تحت ڈائیلاگز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں، ڈاکٹر حسن الامین کو ڈائریکٹر قومی ادارہ برائے مطالعہ پاکستان کا ڈائریکٹر تعینات کرنے اور طاہرہ رضا کو 5 سال کیلیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے نان ایگزیکٹو ممبر کے طور پر تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔ لیلہ ایلیاس کلپانہ اور ستونت کور کی متروکہ وقف املاک بورڈمیں تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔

پاکستان عراق میں انکم ٹیکس اور ٹیکس چوری کے خاتمے کیلیے کنونشن کے ابتدائی ڈرافٹ پر دستخط کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 3 فروری 2025 کو ہوئے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں، کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 7 فروری 2025 کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں اور کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی ادارہ جات کے 11 فروری 2025 اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔

گزشتہ روز دبئی میں پاکستانی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے گفتگو میں وزیر اعطم شہباز شریف نے کہا تھا کہ معاشی استحکام کا سفر جاری ہے، پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے اور معاشی ترقی کے اشاریے بہتر ہو رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا تھا کہ جنوری میں مہنگائی 2.4 فیصد پر آگئی ہے، پاکستان میں اس وقت شرح سود 12 فیصد کی کم سطح پر ہے، معیشت کے اشاریے گزشتہ سال کے مقابلے زیادہ ترقی کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مائیکرو اکنامک کے شعبے میں بہتری آئی ہے، پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے معدنیات شعبے میں انقلابی تبدیلی چاہتے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں