ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

تحریک انصاف نے پیمرا ترمیمی بل2023کو مسترد کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : گزشتہ روز پارلیمنٹ میں پیش کیا جانے والا پیمرا ترمیمی بل2023 منظور کرلیا گیا، جسے مختلف صحافتی تنظیموں کی جانب سے مسترد کیے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے بھی مسترد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس حوالے سے ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ پیمرا ترمیمی بل2023کے ذریعے ابلاغ و اظہار کی آزادی کو سلب کرنے کی کوشش کی گئی، ہم پیمراترمیمی بل2023کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت دستور دشمن حکومت ثابت ہوئی ہے جس نے15 ماہ میں دستور کو عملاً معطل رکھا، آئین کے جن حصوں کی زد سے نکلنے میں مشکل پیش آئی پارلیمان سے ان کا حلیہ بگاڑنے کی کوشش کی، پی ٹی آئی کی عدم موجودگی میں کٹھ پتلی حکومت کی قانون سازی کی اہمیت نہیں، آزادی اظہار و ابلاغ کا گلا گھونٹنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

- Advertisement -

ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ کٹھ پتلی راج کے دوران اہل صحافت کو ننگے ریاستی جبر کا نشانہ بنایا گیا، سنگین مقدمات میں ملوث کرکے معتبر ترین صحافی ارشد شریف پر زمین تنگ کی گئی، پاکستان چھوڑنے پر بھی ارشد شریف کو معاف نہیں کیا گیا بلکہ غیر ملکی سرزمین پرانہیں شہید کیا گیا۔

پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ صحافی عمران ریاض کو بھی درجنوں جھوٹے مقدمات میں نامزد کیا گیا، 2مرتبہ گرفتاری اور عدالت کی جانب سے رہائی کے بعد عمران ریاض کو مستقل لاپتہ کردیا گیا،اس دور میں متعدد صحافیوں پر وطن کی زمین تنگ کی گئی، وہ جلاوطنی پر مجبور ہوئے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم کےنام، بیان، تصویر اور تقریر کی میڈیا پر نشر و اشاعت پر پابندی عائد ہے، متبادل بیانیے کی راہ روک کر میڈیا کو بزور جبر ریاستی افواہ سازوں کے رحم و کرم کے سپرد کیا جاچکا ہے، اختلاف رائے کو قابل گرفت جرم بنا کر میڈیا کو مخصوص بیانیے کی ترویج واشاعت پرمجبور کیا گیا،آزادی اظہار و ابلاغ کیخلاف جاری منظم یلغار کا ہر پہلو سے مقابلہ کریں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں