منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

سری دیوی کی موت کا معمہ بن گئی ، بونی کپورسے پوچھ گچھ ،کلیئرنس ملنے تک دبئی نہ چھوڑنے کی ہدایت

اشتہار

حیرت انگیز

دبئی : بھارتی اداکارہ سری دیوی کی موت کا معمہ حل نہ ہوسکا، وزارت داخلہ نے سری دیوی کے شوہر بونی کپور سے پوچھ گچھ کے بعد کلیئرنس ملنے تک دبئی نہ چھوڑنے کی ہدایت کردی ہے اور کہا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونےکے بعد ہی سری دیوی کی لاش بھارت لے جانے کی اجازت دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی اداکارہ سری دیوی کی موت معمہ بن گئی، دبئی پولیس نے سری دیوی کا ہوٹل ایک کمرہ سیل کردیا جبکہ سری دیوی کے شوہر بونی کپور سے دبئی میں وزارت داخلہ نے پوچھ گچھ بھی کی۔

وزارت داخلہ نے بونی کپور کو کلیئرنس ملنے تک دبئی نہ چھوڑنے کی ہدایت کردی ہے۔

دبئی پولیس سری دیوی کی فون کالز کا ریکارڈ بھی چیک کررہی ہے اور سری دیوی کا بھارت سے میڈیکل ریکارڈ بھی منگوالیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہوٹل ملازمین سے بھی واقعے سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی، دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ ضرورت ہوئی تو پوسٹ مارٹم دوبارہ کروائیں گے، تحقیقات مکمل ہونےکے بعد ہی سری دیوی کی لاش بھارت لے جانے کی اجازت دی جائے گی۔


مزید پڑھیں :  سری دیوی کی موت ٹب میں‌ ڈوبنے سے ہوئی، واقعہ حادثہ تھا: خلیجی اخبار کا دعویٰ


گذشتہ روز دبئی پولیس کی جانب سے سری دیوی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فرانزک رپورٹ جاری کی تھی ، جس میں کہا گیا تھا کہ سری دیوی کی موت حادثاتی طور پر باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ہوئی، حادثہ شراب کی زیادتی کی وجہ سے پیش آیا تھا، سری دیوی کو دل کا دورہ پڑا اور وہ بے ہوش ہو کر پانی سے بھرے ٹب میں گریں اور اور ان کی موت ہو گئی۔

آنجہانی سری دیوی کی میت دبئی پولیس کی تحویل میں ہے، جسے قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ ابتدا میں سری دیوی کی موت کو ہارٹ اٹیک کا نتیجہ قرار دیا جارہا تھا، بعد میں یہ کہا گیا کہ ان کی موت واش روم میں گرنےکی وجہ سے ہوئی۔


مزید پڑھیں : بالی ووڈ اداکارہ سری دیوی دل کا دورہ پڑنے سے چل بسیں


اس سے قبل سری دیوی کے قریبی عزیز سنجے کپور کا کہنا تھا کہ وہ کبھی دل کے عارضے میں مبتلا نہیں رہیں، جب اداکارہ کا انتقال ہوا اس وقت وہ دبئی کے مقامی ہوٹل کے روم میں تھیں، اچانک اس موت کے بعد پورا خاندان گہرے صدمے کا شکار ہے۔

خیال رہے کہ اداکارہ سری دیوی اپنے شوہر بونی کپور اور بیٹی خوشی کے ساتھ شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے دبئی کےشیخ زید روڈ پرواقع جمیرا ایمرٹس ٹاورز میں مقیم تھیں، جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں