ممبئی: بالی وڈ کے بادشاہ سمجھے جانے والے شاہ رخ خان نے انڈسٹری میں 26 سال مکمل کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق انڈسٹری میں 26 سال مکمل ہونے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شاہ رخ خان کے مداحوں نے بھرپور جشن منایا اور اپنے اپنے انداز میں انھیں خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع کی مناسبت سے مختلف اخبارات اور ویب سائٹس نے خصوصی مضامین شایع کیے، جن میں شاہ رخ خان کے فنی کیریر اور کامیابیوں کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر کنگ خان نے بھی ٹویٹر پر ایک دل آویز پیغام جاری کیا، جسے ہزاروں افراد نے لائیک اور ری ٹویٹ کیا۔
اپنے پیغام میں شاہ رخ نے کہا: ”کل میری زندگی کا نصف سفر مکمل ہوجائے گا، جس میں میں اوروں کے کردار نبھانتا رہا۔ اس عرصے میں کبھی محبت ، خوشی اور اداسی کا اظہار کیا، کبھی رقص کیا، کبھی گرا، تو کبھی پرواز کی۔‘‘
شاہ رخ نے کہا: ’’امید ہے، اس سفر میں آپ کے دل کے کسی گوشے کو چھونے میں کامیاب رہا۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ اپنی آیندہ زندگی میں بھی یہ سلسلہ جاری رکھیں اور مداحوں کے دلوں کو چھوتے رہیں۔
واضح رہے کہ کنگ خان فٹ بال کے بھی مداح ہیں اور برازیل اور سویڈن کے مابین ہونے والے کانٹے دار میچ سے متعلق بھی انھوں نے اپنے مخصوص انداز میں ٹویٹ کیا تھا۔
یاد رہے کہ کنگ خان کی فلم ”زیرو“ رواں برس کے آخر میں ریلیز ہوگی، جس میں وہ بونے کا کردار ادا کر رہے ہیں، فلم میں ان کے مدمقابل کترینا اور انوشکا ہیں۔
کنگ اور دبنگ خان کی مداحوں کے لیے عیدی، ”زیرو“ کانیا ٹیزر ریلیز
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریںْ۔