ہفتہ, مئی 11, 2024
اشتہار

کراچی میں‌ پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین سندھ اسمبلی کے گھروں پر پولیس نے چھاپے مارے جب کہ ارسلان تاج کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ترجمان پاکستان تحریک انصاف سندھ شہزاد قریشی کے مطابق کراچی میں پی ٹی آئی کے اراکین سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، راجا اظہر، ارسلان تاج کے گھروں پر پولیس نے چھاپے مارے جب کہ پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری ارسلان تاج کو سادہ لباس اہلکار گھر سے گرفتار کرکے لے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق ارسلان تاج کے گھر پر پولیس کی 3 گاڑیاں پہنچی تھیں۔ سادہ لباس اہلکار ان کے گھر میں داخل ہوئے اور گھر میں توڑ پھوڑ بھی کی۔

- Advertisement -

جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پولیس چھاپوں کے وقت خرم شیر زمان اور راجا اظہر گھروں پر موجود نہیں تھے۔ پولیس نے مذکورہ رہنماؤں کے اہلخانہ کو دھمکیاں بھی دیں۔

پی ٹی آئی ترجمان شہزاد قریشی نے آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ ارسلان تاج کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

دوسری جانب ایم پی اے راجا اظہر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا۔ چھاپے کے وقت وہ گھر پر موجود نہیں تھے اس لیے پولیس نے ان کے اہلخانہ کو ہراساں کیا۔

راجا اظہر نے الزام عائد کیا کہ سندھ حکومت گزشتہ روز لانڈھی میں عوامی احتجاج سے بوکھلا گئی ہے اور وہ پولیس کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ پولیس کے اس ناروا رویے کے خلاف ایوان میں تحریک جمع کراؤں گا۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے ارسلان تاج کی گرفتاری کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سیاست کو جرم بنا دیا گیا ہے، ارسلان تاج کو فوری رہا کیا جائے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں