منگل, مئی 21, 2024
اشتہار

’گورنر ہاؤس کی طرف دیکھا تو سڑکوں پر گھسیٹوں گا‘، فیصل کریم کنڈی

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور: گورنر خبیر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے گورنر راج لگانے سے متعلق بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔

اپنے آبائی گاؤں میں تقریب سے خطاب میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میں کبھی بھی گورنر ہاؤس کو سیاست کا گڑھ نہیں بناؤں گا، انہیں خوف ہے کہ شاید میں گورنر راج لگا دوں گا لیکن میں ایسا نہیں کروں گا۔

علی امین گنڈاپور کو مخاطب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آپ وزیر اعلیٰ بنے ہیں عوام کی خدمت کریں، عوام کی فلاح و بہبود کیلیے تمام اقدامات کریں گے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ صوبے کی بہتری کیلیے سب کے ساتھ مل کر کام کریں گے، ہم سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتے، گورنر راج کی باتیں کرنے والے اپنی نااہلی سے پریشان ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گورنر ہاؤس پر قبضہ کرنا ہے تو آ جاؤ خود کو آزما لو، اسلام آباد میں بھاگنے کیلیے ہائی وے مل گیا تھا لیکن یہاں نہیں ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کی طرف دیکھا تو سڑکوں پر گھسیٹوں گا، علی امین گنڈاپور کو باور کرواتا ہوں بدمعاشوں سے ڈیل کرنا مجھے آتا ہے۔

گزشتہ روز علی امین گنڈاپور نے اپنے ایک بیان میں گورنر کے پی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ گورنر راج لگائیں ہم گورنر ہاؤس پر قبضہ کر لیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا تھا کہ ہم 9 مئی کرنے والوں کی مذمت کرتے ہیں جس جس نےغلط کیا وہ قوم کے سامنے آئیں گے، مجھ پر 8 اضلاع میں پرچے کاٹے گئے ایک بھی ثابت نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں وزیر اعلیٰ کی کرسی کیلیے خاموش نہیں رہوں گا، آج ڈیزل جہاز بھر کر حق کے راستے پر چل رہا ہے، ہمیں ایسے نعروں سے اجتناب کرنا چاہیے، اگر آپ رن وے پر واپس آگئے تو ہم پھر سے نعرے لگائیں گے۔

انہوں نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ پرویز خٹک میڈیا کی موجودگی میں خانہ کعبہ میں مجھ سے مناظرہ کر لیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں