اشتہار

پاکستان میں پہلی بار خواجہ سرا نیوزکاسٹر متعارف

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی نیوز چینل پر خواجہ سرا کو بطور نیوز کاسٹر متعارف کرادیا گیا ہے مارویہ ملک نامی نیوز کاسٹر کی سلیکشن پر مختلف حلقوں کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ایک نجی نیوز چینل کی انتظامیہ نے ایک خواجہ سرا کو نیوز اینکر کیلئے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے،جس کے بعد سوشل میڈیا پر ٹی وی چینل کے اس اقدام کو کافی حد تک سراہا جا رہا ہے۔

مارویہ ملک اب باعزت طریقے سے نہ صرف اپنا روزگار کمائیں گی بلکہ ان کی آمد سے خواجہ سرا برادری کو ایک مثبت پیغام بھی جائے گا۔

- Advertisement -

لاہور سے تعلق رکھنے والی مارویہ ملک گریجویشن کی طالبہ ہیں، مارویہ ملک پہلی بار نیوز کاسٹر کے طور پر ٹی وی پر آئی ہیں لیکن وہ شو بزنس میں نئی نہیں ہیں، اس سے قبل وہ کئی فیشن شوز میں معروف ماڈلز کے ساتھ ماڈلنگ کر چکی ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق مارویہ ملک کا کہنا ہے کہ میں نے پنجاب یونیورسٹی سے جرنلزم میں گریجویشن کیا ہے اور جرنلزم ہی میں اب ماسٹرز کرنے کا ارادہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جب مجھے انٹرویو کے بعد چینل کی انتظامیہ نے خوش آمدید کہتے ہوئے یہ بتایا کہ ہم آپ کو ٹریننگ بھی دیں گے تو فرط جذبات سے میری آنکھوں میں آنسو آگئے، مارویہ نے بتایا کہ آنسو اس لیے آئے کہ جو خواب میں نے دیکھا تھا اس کی پہلی سیڑھی میں چڑھ گئی ہوں۔

انہوں نے اپنے بارے میں مزید بتایا کہ ان کے گھر والوں نے انہیں میٹرک تک تعلیم دلوائی اور اس کے بعد انہوں نے گریجویشن تک کی تعلیم کا خرچہ خود اٹھایا ہے اور ماسٹرز کے لیے بھی خرچہ وہ خود ہی اٹھائیں گی۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں خواجہ سرا کے اندراج کے ساتھ پہلا پاسپورٹ جاری

واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستانی تاریخ میں پہلی بار پاسپورٹ میں جنس کے زمرے میں خواجہ سرا کا اندراج کردیا گیا ہے جس کے بعد پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہوگیا جہاں سرکاری دستاویزات میں خواجہ سرا کو ایک علیحدہ جنس کے طور پر درج کیا جارہا ہے۔

اس سلسلے میں سرکاری طور پر تو کوئی اعلان نہیں کیا گیا تاہم خیبر پختونخواہ میں خواجہ سراؤں کی فلاح کے لیے کام کرنے والے ادارے ٹرانس ایکشن پاکستان نے سوشل میڈیا پر اس اہم اقدام کا اعلان کیا۔

 مزید پڑھیں: بھارت کی تاریخ  پہلی بار خواجہ سرا جج تعینات

اس کے علاوہ بھارت میں پہلی بار ایک خواجہ سرا کو عوامی عدالت کا جج مقرر کردیا گیا جس کے بعد وہ اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خواجہ سرا بن گئیں۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں