اشتہار

پارٹی چھوڑ کر جانے والوں پر شدید دباؤ ہے، عمر ایوب

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ پارٹی چھوڑ کر جانے والوں پر شدید دباؤ ہے، عمران خان نے بھی کہا ہے کہ ان پر تنقید نہ کریں۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان آج بھی پارٹی کے نظریے پر کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ پارٹی کو چھوڑ کر جارہے ہیں ان پر شدید دباؤ ہے، عمران خان نے بھی کہا ہے کہ پارٹی چھوڑنے والوں پر تنقید نہ کریں، مختلف رہنما مجبوری اور دباؤ کے تحت پارٹی چھوڑ رہے ہیں۔

- Advertisement -

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ ملک میں الیکشن ضرور ہونے ہیں، تاہم الیکشن کب ہوں گے یہ دیکھنا ہوگا، بطور سیاسی کارکن ناامید نہیں ہوتا۔ اس وقت جو معاشی صورتحال ہے عوام انتخابات میں پی ڈی ایم رہنماؤں کو اٹھا کر باہر پھینک دیں گے۔

صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل سے متعلق عمر ایوب نے کہا کہ اسمبلیاں اس لیے تحلیل کی تھیں تاکہ ملک میں انتخابات ہوں، اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کا ہمارا فیصلہ بالکل ٹھیک تھا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم قومی اسمبلی میں واپس جانا چاہتے ہیں لیکن حکومت کی نیت خراب ہے، ہماری اسمبلی میں واپسی پر حکومت ضرور رکاوٹ بنے گی، حکومت نے عدالت کے پہلے کون سے فیصلے مانے ہیں جو یہ فیصلہ مانے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرکے آئین اور قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں، عمران خان کا گرفتاری کا خدشہ ہمیشہ درست ثابت ہوا، ان کو پہلے بھی ڈھونگ رچا کر گرفتار کیا گیا تھا، وزیر داخلہ، سیکریٹری داخلہ اور چیئرمین نیب استعفیٰ دیں یا قوم سے معافی مانگیں۔

تحریک انصاف کی حکومت گرانے کے حوالے سے عمر ایوب نے کہا کہ قمر باجوہ نے سرعام تسلیم کیا کہ ان کے کہنے پر ہی عمران خان کی حکومت گرائی گئی، امریکا کے انڈر سیکریٹری نے سائفر دیا تھا، سلامتی کمیٹی میں بحث ہوئی تھی، امریکا کی جانب سے آنے والا سائفر حقیقت ہے، پی ڈی ایم نے سازش کرکے عمران خان کی حکومت گرائی۔

نواز شریف کو ملک سے باہر بھیجنے سے متعلق انہوں نے بتایا کہ نوازشریف جب زیرعلاج تھے ان کی رپورٹس تبدیل کی گئی تھیں، عمران خان نے ان رپورٹس اور انسانی حقوق کی بنیاد پر نوازشریف کو باہر جانے دیا۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں