بنگلہ دیشی وکٹ کیپر مشفق الرحیم کی شاندار اننگز کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے صفرف پر آؤٹ ہونے والے بابر اعظم پر تنقید کی جارہی ہے۔
راولپنڈی ٹیسٹ میں مشفق الرحیم اور لٹن داس کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت بنگلہ دیش کی پوزیشن کافی بہتر ہوچکی ہے، وکٹ کیپر بیٹر نے پوری طرح فٹ نہ ہونے کے باوجود شاندار 191 رنز کی اننگز کھیلی جسے ماہرین اور شائقین دونوں کی جانب سے کافی سراہا جارہا ہے۔
پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان بابر اعظم راولپنڈی کی بیٹنگ فرینڈلی پچ ہونے کے باوجود ناکام رہے اور پہلی اننگز میں صرف 2 بالز کھیل کر صفر کی ہزیمت سے دوچار ہوئے۔
بابر اعظم کے راولپنڈی کی پچ پر صفر کے اسکور پر آؤٹ ہونے اور مشفق کے 191 رنز کی اننگز کا سوشل میڈیا صارفین تقابل کررہے ہیں، میڈیا رپوٹس کے مطابق مداحوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ان فٹ مشفق الرحیم فٹ بابر اعظم سے بہتر ہے‘۔
مشفق جب 150 رنز پر کھیل رہے تھے تو بابر نے ان کا کیچ بھی ڈارپ کیا تھا جبکہ یہ بنگلہ دیشی بیٹری کے ٹیسٹ کیریئر کی 11ویں سنچری ہے۔
پاکستانی بیٹر پہلی بار ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ میچ میں صفر کی خفت سے دوچار ہوئے ہیں جبکہ آج کل فارم بھی ان سے روٹھی ہوئی ہے اور وہ بڑی اننگز کھیلنے میں جدوجہد کا شکار نظر آتے ہیں۔
خیال رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلادیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 565 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی، وکٹ کیپر بیٹر مشفیق الرحیم نے 191 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔
ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 23 رنز بنالیے ہیں اور انھیں بنگلا دیش کی برتری ختم کرنے کے لیے 94 رنز درکار ہیں۔