ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

وینم کے دوسرے ٹریلر نے ہلچل مچادی

اشتہار

حیرت انگیز

اسپائیڈر مین فلم کاسب سے طاقت ور ولن ’وینم‘ اب اپنی فلم میں بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہوگا، دوسرے ٹریلر نے ہالی وڈ سپر ہیرو فلم کے مداحوں میں ہلچل مچادی۔

مارول کامکس کی جانب سے ایک کے بعد ایک کامیاب فلموں کا سلسلہ جاری ہے اور سونی پکچرز کے ساتھ ہونے والے کاروباری معاہدے کے بعد مارول کامکس اسپائیڈر مین جیسے مشہورِ زمانہ کارٹون کردار پر بھی فلم بنا چکا ہے۔جلد ہی اسپائیڈر مین کامک کے مشہور اور سب سے خطرناک ولن ’وینم ‘ پر بننے والی اسپن آف فلم شائقین کے لیے سینما گھروں پیش کی جائے گی۔فلم کا دوسرا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔

اس سے پہلے شائقین وینم نامی اس کردار کو اسپائیڈر مین ٹو میں بحیثیت ولن دیکھ چکے ہیں اور کامک سیریز میں بھی وینم کو اسپائیڈر مین کا سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا ولن تصور کیا جاتا ہے۔

فلم کی کہانی ایک ناکام اخباری رپورٹر’ایڈی براک‘ کے گرد گھومتی ہے، جس کا سامنا حادثاتی طور خلا سے آئی ہوئی ایک عجیب و غریب مخلوق سے ہوتا ہے، سیاہ رنگ کی یہ مخلوق ایڈی براک کی شخصیت پر تسلط جما کر ’وینم ‘ کے کردار میں ڈھلتی ہے اور اس کے بعد شروع ہوتی ہے تباہی و بربادی کی ایک ایسی داستان جسے شائقین طویل عرصے تک یاد رکھیں گے۔

شائقین کے لیے دلچسپی کی بات یہ ہے کہ اس سے قبل جتنی بھی کارٹون سیریز یا فلمیں بنی ان میں یہ کردار ہمیشہ اسپائیڈرمین کے مدمقابل رہا ہے تاہم اب کی بار دلچسپ بات یہ ہے کہ وینم تنہا ’اینٹی ہیرو‘ ( ایسا ولن جو فلم کا مرکزی کردار ہو اور اس کے مدمقابل کوئی ہیرو نہ ہو) کے روپ میں جلوہ گر ہورہا ہے اور شائقین یہ دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں کہ خلا سے آنے والے وینم اور زمین کے ایک ناکام شخص کے اشتراک سے بننے والی شخصیت کیا مصیبت لائے گی اور ایک عام سا شخص اپنے اوپر حاوی ’وینم ‘ کو بالاخر کس طرح شکست دینے میں کامیاب ہوگا۔

فلم کے اداکاروں میں ٹام ہارڈی، مچل ولیمز، رز احمد، جینی سلیٹ، اسکاٹ ہیز، ریڈ اسکاٹ، سام میدینا اور میک برینڈ سمیت دیگر شامل ہیں، فلم ’وینم ‘پانچ اکتوبر 2018 کو دنیا بھر کے سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں