پشاور: خیبر پختون خوا کی 7 سرکاری جامعات کے لیے وائس چانسلرز کی تقرری عمل میں آ گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان کے پی حکومت کامران بنگش نے کہا ہے کہ 7 سرکاری جامعات کے لیے وائس چانسلرز کی تقرری عمل میں لائی گئی ہے، اس سلسلے میں با کردار، با صلاحیت، اور وژن رکھنے والے پروفیسرز کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔
کامران بنگش نے بتایا کہ یہ تمام وی سی صاحبان اپنی جامعات کے لیے جامع پالیسی مرتب کریں گے۔
انھوں نے کہا ڈاکٹر ظاہر شاہ یونی ورسٹی آف چترال کے نئے وائس چانسلر منتخب کیے گئے ہیں، پروفیسر ڈاکٹر امین باچا یونی ورسٹی آف بونیر کے نئے وی سی تعینات کیے گئے ہیں۔
پختونخواہ میں یونیورسٹیز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا کام شروع
ڈاکٹر جہانزیب خان فاٹا یونی ورسٹی درہ آدم خیل کے وی سی تعینات کیے گئے، پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق خیبر میڈیکل یونی ورسٹی کے وائس چانسلر ہوں گے، پروفیسر ڈاکٹر گل ماجد خان کو اسلامیہ کالج پشاور کا وی سی مقرر کیا گیا، جب کہ ڈاکٹر جہان بخت یونی ورسٹی آف ایگری کلچر کے وائس چانسلر تعینات کیے گئے ہیں۔
ڈاکٹر غزالہ یاسمین ویمن یونی ورسٹی مردان کی نئی وی سی تعینات کی گئی ہیں، جب کہ پروفیسر ڈاکٹر محمد مجاہد کو پاک آسٹریا فکشولے انسٹی ٹیوٹ کا ریکٹر مقرر کیا گیا۔
کامران بنگش کا کہنا تھا کہ وائس چانسلرز کی تقرری 3 سالہ مدت کے لیے عمل میں لائی گئی ہے۔