سوشل میڈیا کے مشہور اسٹار زید علی جو مزاحیہ ویڈیوز بنانے کے لیے مشہور ہیں، نے اپنی شادی کے بعد پہلی بار اپنی اہلیہ یمنیٰ کے ساتھ ایک خصوصی ویڈیو پیش کی جس میں انہوں نے مداحوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دیے۔
ویڈیو کے آغاز میں زید علی نے شکوہ کیا کہ ان کی بیگم نے اس ویڈیو کے لیے تیار ہونے میں 2 گھنٹے کا وقت لگایا جس پر ان کی اہلیہ نے انہیں جھوٹا قرار دیا۔
ان دونوں سے پہلا سوال پوچھا گیا کہ کیا آپ دونوں کزنز ہیں۔ تھوڑی دیر سوچنے کے بعد زید نے کہا کہ ہم دراصل بہن بھائی ہیں، جس پر دونوں ہنستے ہنستے بے حال ہوگئے۔
دونوں کی پہلی ملاقات کے سوال پر زید نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ہم شادی ڈاٹ کام کے ذریعے ملے تاہم یمنیٰ نے بتایا کہ زید علی کی ایک ویڈیو بنانے کے سلسلے میں ان دونوں کی پہلی ملاقات ہوئی۔
ایک مداح کی جانب سے ایک اور دلچسپ سوال پوچھا گیا کہ دونوں میں سے ڈوپٹہ کون بہتر انداز میں پہنتا ہے جس پر زید نے اپنا نام لیا۔
ایک اور سوال کے جواب میں یمنیٰ نے بتایا کہ زید علی صفائی کا بالکل خیال نہیں رکھتے، اپنا سامان بہت پھیلا کر رکھتے ہیں، اور گھر کا کوئی کام بھی نہیں کرتے۔
بالی ووڈ کے پسندیدہ اداکار سے متعلق پوچھے گئے سوال پر زید نے بتایا کہ وہ بالی ووڈ فلموں کے بہت شوقین ہیں لیکن یمنیٰ کو فلموں سے ذرا بھی دلچسپی نہیں۔
زید نے خود بھی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یمنیٰ سے 5 بالی ووڈ اداکاروں کے نام لینے کا کہا جو یمنیٰ نے بہت دقتوں سے یاد کر کے لیے۔
ایک مداح کی جانب سے دونوں سے پوچھا گیا کہ وہ ایک دوسرے کی کوئی ایک خوبی اور خامی بتائیں جس پر یمنیٰ تو سوچ میں پڑگئیں، تاہم زید نے اپنی اہلیہ کی بے شمار خوبیاں گنوا دیں۔
یاد رہے کہ زید علی کچھ عرصہ قبل ہی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں جس کے بعد ان کے مداح بے چینی سے ان کی شادی شدہ زندگی کے بارے میں جاننے کا انتظار کر رہے تھے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔