راولپنڈی: پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرے روز کا کھیل ختم ہو گیا، جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 4 وکٹ پر 106رنز بنا لیے۔
تفصیلات کے مطابق پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی گرفت مضبوط ہو گئی ہے، قومی کھلاڑیوں نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی۔
خراب روشنی کے باعث کھیل مقررہ وقت سے 10 منٹ قبل ختم کیا گیا، حسن علی 2، نعمان علی اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، جنوبی افریقا کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 166 رنز درکار ہیں۔
قبل ازیں، پنڈی ٹیسٹ میں فہیم اشرف نے ٹیم کی لاج رکھ لی، دوسرے روز پہلے سیشن میں 4 وکٹیں گرنے کے بعد فہیم اشرف نے نصف سنچری بنا لی، فہیم اشرف نے ناٹ آؤٹ 78 رنز بنائے، قومی ٹیم پہلی اننگز میں 272 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
دوسرے روز جنوبی افریقی بولرز نے آغاز اچھا دیا، بابر اسکور میں اضافہ کیے بغیر 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، فواد 45 رنز بنا کر بد قسمت رہے، پہلے سیشن میں چار وکٹیں گریں لیکن فہیم اشرف چٹان بنے رہے۔
تاہم دوسرے سیشن میں ٹیل اینڈرز زیادہ مزاحمت نہ کر سکے، وکٹیں وقفے وقفے سےگرتی رہیں اور پوری ٹیم 272 رنز پر آؤٹ ہو گئی، فہیم اشرف 78 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، جنوبی افریقا کی جانب سے انریخ نارکیا نے 5 اور کیشو مہاراج نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
فہیم اشرف نے ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا کہ بلے بازی میں اسکور کرنا میرے لیے بونس ہے، جب میرے نصیب میں ٹیسٹ سنچری ہوگی تو اسکور کر لوں گا، راولپنڈی میں جتنی وکٹ ٹو وکٹ گیند بازی کریں اتنا اچھا ہے۔