12.6 C
Dublin
جمعہ, مئی 17, 2024
اشتہار

رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری پر اسلام آباد پولیس کا موقف آگیا

اشتہار

حیرت انگیز

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے اینٹی کرپشن کی جانب سے وارنٹ گرفتاری پر اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ تمام قانونی ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ترجمان اسلام آباد پولیس نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری تھانے میں باقاعدہ وصول کیے گئے، تھانے میں باقاعدہ آمد اور روانگی کا اندراج کیا گیا تاہم اینٹی کرپشن پنجاب نے ریکارڈ دینے سے انکار کر دیا۔

ترجمان کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب کو ہدایت کی گئی کہ قانونی راستہ اختیار کریں، تاہم ان کی جانب سے کوئی واضح موقف نہیں اپنایا گیا، اسلام آباد پولیس عدالتوں کے احکامات کی تعمیل کیلیے ہر وقت حاضر ہے، تمام قانونی ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

- Advertisement -

ترجمان نے مزید کہا کہ اینٹی کرپشن پنجاب کے افسران سے گزارش ہے غلط بیانی سے گریز کریں، ایسے بیانات سے انتظامی امور میں باہمی تعاون میں رکاوٹ ہوتی ہے، غلط بیانی پر اسلام آباد پولیس قانونی کارروائی کا حق رکھتی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اینٹی کرپشن کی ٹیم وزیر داخلہ کی گرفتاری کے لیے تھانہ سیکریٹریٹ آئی اور ایس ایچ او سے ملاقات کی، عدالتی حکم نامہ اور وارنٹ گرفتاری بھی ایس ایچ او کے حوالے کیے گئے، تاہم وارنٹ گرفتاری پر تعمیل نہ ہونے کے سبب اینٹی کرپشن ٹیم واپس روانہ ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں: رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری پر تعمیل نہیں ہو سکی

اس حوالے سے اینٹی کرپشن ٹیم کا کہنا تھا کہ ہم عدالتی حکم پر آئے تھے، لیکن ہماری گاڑیاں بھی تھانے سے نکلوا دی گئیں، دوسری طرف ایس ایچ او تھانہ سیکریٹریٹ نے مؤقف پیش کیا کہ وارنٹ کے حوالے سے فائل لے لی گئی ہے، اس سلسلے میں بعد میں آگاہ کیا جائے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں