ہفتہ, نومبر 30, 2024
اشتہار

روسی جنگی جہاز نے امریکی ایف 16 کے پائلٹ کے ہوش اڑا دیے، ویڈیو وائرل

اشتہار

حیرت انگیز

الاسکا: امریکی فضائیہ کے حکام نے ایک نہایت چونکا دینے والی ویڈیو جاری کی ہے، جس میں ایک روسی جنگی جہاز کو امریکی ایف 16 کے پائلٹ کے ہوش اڑاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

امریکی ڈیفنس کمانڈ کا کہنا ہے کہ ایک روسی فائٹر جیٹ نے امریکی جنگی جہازوں کے درمیان نہایت غیر محفوظ طریقے سے اڑان بھری، اور سب کو خطرے میں ڈال دیا۔

یہ واقعہ شمالی امریکی ریاست الاسکا کے قریب بین الاقوامی فضائی حدود میں پیش آیا، جس میں 4 روسی طیارے امریکی طیاروں کے انتہائی قریب سے گزرے تھے۔ اس واقعے کی ویڈیو پیر کو امریکی فضائیہ نے جاری کی ہے۔

- Advertisement -

ایسوسی ایٹڈ پریس نے رپورٹ کیا ہے کہ روسی لڑاکا طیارے Su-35 کو روکنے کے لیے امریکی فضائیہ نے F-16 طیارے بھیجے تھے، لیکن طیارے نے اس طرح پرواز کی کہ فضا میں تصادم ہوتے ہوتے رہ گیا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ روسی طیارہ کیمرے کے پیچھے سے آتا ہے اور امریکی جیٹ سے صرف ایک فٹ کے فاصلے پر زن سے گزر جاتا ہے، اور امریکی پائلٹ گھبرا کر جہاز کو مخالف سمت میں موڑنے کے لیے حرکت دے دیتا ہے۔

اس واقعے سے قبل بھی امریکی خودمختار فضائی حدود سے پرے الاسکا ایئر ڈیفنس آئیڈینٹیفکیشن زون میں روسی دراندازی کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔

امریکی ناردرن کمانڈ سے تعلق رکھنے والے جنرل گریگوری گیلوٹ نے کہا کہ ایک روسی Su-35 کا طرز عمل غیر محفوظ، غیر پیشہ ورانہ، اور سب کو خطرے میں ڈال رہا تھا، جسے روکنے کے لیے امریکی طیاروں نے ’محفوظ اور نظم و ضبط کے ساتھ‘ معمول کے مطابق پرواز کی۔

امریکی حکام نے اس سلسلے میں جواب طلب کرنے کے لیے پیر کو روسی سفارت خانے کو ایک پیغام بھی بھیجا تاہم اس کا کوئی جواب نہیں آیا، یاد رہے کہ چند ہفتے قبل بھی 8 روسی فوجی طیارے اور اس کی بحریہ کے 4 جہاز جن میں دو آبدوزیں بھی شامل ہیں، الاسکا کے قریب اس وقت پہنچے تھے جب چین اور روس مشترکہ مشقیں کر رہے تھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں