ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

سری لنکا میں عام معافی کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

سری لنکا میں عام معافی کا اعلان کیا گیا ہے جو گزشتہ برس ہنگاموں میں صدارتی محل سے چوری کیے گئے نوادارت واپس کرنے والے افراد کے لیے ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ برس سری لنکا میں تاریخ کے بدترین معاشی بحران کے باعث ہونے والے ملک گیر ہنگاموں کے دوران ہزاروں افراد نے صدارتی محل پر بھی ہلہ بولا تھا۔ اس افراتفری کے دوران سابق صدر گوتابایا راجا پکسے محل کے پچھلے دروازے سے نکل کر ملک سے باہر فرار ہوگئے تھے جب کہ ہنگامہ آرئی کے دوران وہاں سے نوادرات بھی چوری ہوئی تھیں اور سوشل میڈیا پر لوگوں کی ان نوادرات کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں سامنے آئی تھیں۔

- Advertisement -

بعد ازاں حکام نے صدارتی محل سے چوری ہونے والی اشیا کی تصاویر جاری کی تھیں جب کہ پولیس نے سوشل میڈیا پر صدارتی بیئر کے مگ، راجا پکسے کے جھنڈوں اور بیڈ شیٹ کی تصاویر پوسٹ کرنے والے تین افراد کو گرفتار بھی کیا تھا۔

تاہم کچھ مظاہرین نے اس وقت راجا پکسے کے کمرے سے ملنے والے 6 ہزار ڈالر پولیس کے حوالے کیے تھے اور عدالت نے سوال اٹھایا تھا کہ سابق صدر کے پاس یہ رقم کہاں سے آئی۔

اتوار کو سری لنکا کے موجودہ صدر رانیل وکرما سنگھے کے دفتر سے جاری بیان میں ایک مہینے کی معافی کے اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جو مقررہ مدت کے دوران چوری شدہ مذکورہ بیش قیمت نوادرات اور سابق صدور اور گورنرز سے منسلک شیلڈز حکومت کو واپس کر دے گا اس کو کچھ نہیں کہا جائے گا۔

اس کے ساتھ حکام نے پانچ تاریخی شیلڈز کی تصاویر جاری کی ہیں جن میں 1622 میں تعینات ہونے والے پرتگالی گورنر کی شیلڈ سمیت 19 ویں اور 20 ویں صدی کے دوران برطانوی راج کی شیلڈز بھی شامل ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں