ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

ایشیا کپ: افغانستان کیخلاف سری لنکا نے ٹاس جیت لیا

اشتہار

حیرت انگیز

ایشیا کپ میں پہلے مرحلے کے آخری اور اہم میچ میں سری لنکا نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں گروپ بی سے کون جگہ بنائے گا اس کا فیصلہ آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سری لنکا اور افغانستان کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے بعد ہو جائے گا۔ میچ کا ٹاس ہو چکا ہے اور آئی لینڈرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹاس جیتنے کے بعد سری لنکن کپتان دسون شنکا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی ٹیم اچھی ہے اور ہمارے لیے یہ میچ جیتنا ضروری ہے کیونکہ اس فتح کے ساتھ ہم با آسانی اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کر لیں گے۔

- Advertisement -

افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدین نے کہا کہ ہم پہلے بولنگ کرنا ہی چاہتے تھے اور ٹاس جیتتے تو پہلے بولرز کو آزماتے۔ کوشش کریں گے کہ مثبت کرکٹ کھیلیں اور کامیابی حاصل کریں۔

دونوں ٹیموں نے کوئی تبدیلی نہیں کی ہے اور اپنے سابق میچز کی الیون کو برقرار رکھا ہے۔

واضح رہے کہ گروپ اے سے پاکستان اور بھارت سپر فور مرحلے میں پہنچ چکے ہیں جب کہ گروپ بی میں سری لنکا اور بنگلہ دیش ایک ایک میچ جیتے ہیں افغانستان نے فتح کا مزا نہیں چکھا ہے۔ آج کا میچ جیت کر سر فہرست آئی لینڈرز بنگلا دیش کو بھی اپنے ساتھ اگلے مرحلے میں لے جائیں گے۔

دوسری جانب افغان ٹیم کو اگر سپر فور مرحلے تک رسائی حاصل کرنا ہے تو سری لنکا کو پچھاڑنے کے ساتھ بنگلہ دیش کے رن ریٹ کو بھی پچھاڑنا ہوگا یعنی دو طرفہ کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ اس کے لے افغانستان اگر پہلے بیٹنگ کرے تو کم از کم 70 رنز کی فتح اپنے نام کرنا ہوگی یا ہدف کو 36 اوور میں حاصل کرنا ہوگا۔ ورنہ اس سے کم کی فتح بھی اس کو آگے نہیں لے جا سکی گی۔

ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں سری لنکا کا پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک 10 ون ڈے میچز میں مدمقابل آئی ہیں۔ 6 میں سری لنکا کو کامیابی ملی، 3 میں افغانستان فتح یاب رہی جب کہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔

بات کی جائے ٹیم کی فارم کی تو سری لنکا کی ٹیم شاندار فارم میں ہے اور لگاتار 11 ون ڈے میچز جیت رکھے ہیں جب کہ افغانستان کی ٹیم آخری چار مقابلوں میں ناکام رہی ہے۔

ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے کا آغاز کل سے ہوگا۔ میزبان پاکستان کل قذافی اسٹیڈیم میں گروپ بی کی دوسرے نمبر پر رہنے والی ٹیم سے اگلے مرحلے کے پہلے میچ میں مقابلہ کرے گی جب کہ روایتی حریفوں کے درمیان پاک بھارت ٹاکرا اتوار 10 ستمبر کو سری لنکا میں ہوگا۔

Comments

اہم ترین

ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں