اسلام آباد : وزیرداخلہ راناثنااللہ کا کہنا ہے کہ میری خواہش ہے اسمبلی مدت پوری کرکے ختم ہونی چاہیے لیکن وزیراعظم فیصلہ کریں گے کہ اسمبلی تحلیل کرنی ہے یا نہیں۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے اہم اجلاس میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں وزیرداخلہ راناثنااللہ نےکہا کہ نو مئی کے بعد ملک میں انتخابات کیلئے ماحول سازگار بنایا جاچکا ہے، عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے اور صاف وشفاف ہوں گے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے جتھے کے الیکشن نتائج ماننے یا نہ ماننے سے فرق نہیں پڑتا، تحریک انصاف نےملک میں تباہی کی اور نفرت پھیلائی۔
راناثنااللہ نے کہا کہ میری خواہش ہے اسمبلی مدت پوری کرکے ختم ہونی چاہیے لیکن وزیراعظم فیصلہ کریں گے کہ اسمبلی تحلیل کرنی ہے یا نہیں۔
ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں اختلافات سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اختلاف جمہوریت کا حسن ہے، مختلف مسائل پردونوں جماعتوں کا اپنا اپنا نکتہ نظر ہے۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ میاں نواز شریف آٸندہ عام انتخابات سے پہلے وطن واپس آٸیں گے اور پارٹی کی کی انتخابی مہم کی سربراہی کریں گے۔