پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے افغانستان کو تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کرنے کے بعد عالمی نمبر ایک ٹیم بننے پر اللہ کا شکر ادا کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان نے کولمبو میں افغانستان کو سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں ہرا کر نہ صرف وائٹ واش کیا بلکہ آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کرلی۔
میچ اور سیریز میں شاندار فتح حاصل کرنے کے بعد کپتان بابر اعظم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ الحمدللہ ہم ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون بن گئے ہیں۔ اس کامیابی کا کریڈٹ کھلاڑیوں اور منیجمنٹ کو جاتا ہے۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ سری لنکا میں بیٹنگ کرنا آسان نہیں، آخری میچ میں مختلف کمبی نیشن آزمایا اور ایشیا کپ سے پہلے کھلاڑیوں کو اعتماد دینے کی کوشش کی۔
ورلڈ نمبر ایک بیٹر نے کہا کہ سعود شکیل اسپن کو بہت اچھا کھیلتے ہیں، انہیں ایشیا کپ کے اسکواڈ میں بھی شامل کر لیا ہے۔