ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت سماعت کیلیے مقرر

اشتہار

حیرت انگیز

سائفر کیس میں اسلام آبادہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت سماعت کے لیے مقرر کر دی۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس عامر فاروق 2اکتوبر کو درخواست ضمانت پر سماعت کریں گے جس کے لیے کاز لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔

گزشتہ سماعت پر پراسیکیوشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر ان کیمرہ سماعت کی استدعا کی تھی۔

- Advertisement -

عدالت نے آج محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پراسیکویشن کو نئی درخواست دائر کرنےکی ہدایت کی تھی۔ عدالت نےدلائل کے لئے ایف آئی اےکو نوٹس جاری کر رکھا ہے جبکہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نےچیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔

گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست ضمانت پر سماعت کی تھی جس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر، نیاز اللہ نیازی اور علی بخاری سمیت دیگر پیش ہوئے۔

اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی اورشاہ خاور بھی عدالت میں پیش ہوئے، اسپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور نے بتایا کہ بہت ساری چیزیں ایسی ہیں جن کوپبلک نہیں کیاجاسکتا، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کہتا ہےکہ سماعت ان کیمرہ ہو گی۔

جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے یہ کرمنل اپیل نہیں ہےضمانت کا معاملہ ہے، جس پر اسپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور کا کہنا تھا کہ سائفر کیس میں چالان کچھ دنوں میں آجائے گا۔

بیرسٹرسلمان صفدر نے کہا کہ خصوصی عدالت کےجج نے اٹک جیل میں سماعت سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے کی ، اٹک جیل میں سماعت سیکرٹ ایکٹ کی وجہ سے نہیں کی گئی، اگر عدالت سمجھتی ہے تو عدالت غیرمتعلقہ لوگوں کو باہر نکال سکتی ہے۔

اسپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور کا کہنا تھا کہ ضمانت کا معاملہ بھی سماعت کا حصہ ہے، جس پر بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا سابق وزیر اعظم اوروزیر خارجہ گرفتارہیں، ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست میں ایشوز بنائے جا رہے ہیں۔

چیف جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ ریکارڑ کو دیکھ کر فیصلہ کرتے ہیں کہ کیس کو کیسے لیکرچلنا ہے، جس پر وکیل شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ پوری قوم کی نظریں اس ضمانت کی درخواست پر لگی ہوئی ہیں۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں