تازہ ترین

دہشت گردی کی تربیت کا کوئی کیمپ نہیں دیکھا، چینی سفیر

وادی نیلم: چینی سفیر یاؤجنگ نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر دہشت گردوں کا کوئی کیمپ نہیں، بھارتی فوج کی فائرنگ سے عام شہری متاثر ہورہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کی جانب سے غیر ملکی سفرا اور میڈیا نمائندگان کو لائن آف کنٹرول کے جورا سیکٹر کا دورہ کرایا گیا، یاد رہے کہ بھارتی آرمی چیف نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے گزشتہ دنوں ہونے والی اشتعال انگیزی میں آبادی کو نہیں بلکہ کیمپوں کو نشانہ بنایا۔

غیرملکی سفارت کاروں اور میڈیا نمائندہ گان نے ایل او سی جورا سیکٹر کا دورہ کیا، جہاں‌ انہوں نے مقامی بازار میں دکان داروں اور شہریوں سے بات چیت کی اور بھارتی اشتعال انگیزیوں سے متاثرہ گھر خود دیکھے جبکہ انہوں نے مقامی آبادی نے بھارتی اشتعال انگیزیوں سے متعلق معلومات اکھٹی کیں، بعض سفرا نے متاثرہ دکان داروں سے اظہار یکجہتی کے لیے مختلف اشیا کی خریداری بھی کی۔

اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر یاؤ جنگ کا کہنا تھا کہ یہاں کوئی دہشت گردی کی تربیت کاکیمپ نہیں دیکھا، مسئلہ کشمیرکا پرامن حل چاہتےہیں،لائن آف کنٹرول کے رہائشی  بھارتی فائرنگ سےمتاثر ہو رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: غیرملکی سفارتکاروں اورمیڈیا کا ایل اوسی جورا سیکٹر کا دورہ

بوسنیا کے سفیر ثاقب فورک کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی صورتحال کو محسوس کرسکتا ہوں کیونکہ 1992 سے 1995 تک ہم خانہ جنگی دیکھ چکے،پاکستانی بھائیوں نے مشکل وقت میں بوسنیا کی بہت مدد کی تھی۔

غیرملکی سفارت کاروں اورمیڈیا نمائندگان کو بھارتی آرٹلری کے وہ گولے دکھائے گئے جو آزادی کشمیر کی شہری آبادی پر فائر کیے گئے تھے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے غیرملکی سفارت کاروں اور میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ’’ پاکستان دنیا سےکچھ نہیں چھپارہا، کیونکہ ہمارے پاس چھپانے کوکچھ نہیں، کیا بھارت بھی سفارت کاروں کو ایسے دورہ کرنے کی اجازت دے گا؟ غیرملکی سفرا اور میڈیا کو کسی بھی جگہ جانے کی مکمل آزادی ہے اور کھلی پیشکش ہے کہ وہ خود متاثرہ علاقے کی صورتحال کا جائزہ لیں۔

واضح رہے بھارت نے ایل او سی کی خلاف ورزی کی تھی، جس کے بعد پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 9 بھارتی فوجی مارے گئے تھے جبکہ پاک فوج کے لانس نائیک سمیت 5 شہری شہید ہوگئے تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی دراندازی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور فائرنگ سے شہید ہونے والے جوان و شہریوں کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی تھی۔

Comments

- Advertisement -
عمیر دبیر
عمیر دبیر
محمد عمیر دبیر اے آر وائی نیوز میں بحیثیت سب ایڈیٹر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں