ہفتہ, مئی 25, 2024
اشتہار

کمانڈر ترک فضائیہ کا ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ

اشتہار

حیرت انگیز

کمانڈر ترک فضائیہ جنرل اتیلا گولان کی قیادت میں ترک فضائیہ کے وفد نے آج سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اہم امور اور علاقائی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

معزز مہمان کی ایئر ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے جنرل اتیلا گولان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ انہوں نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعد ازاں معزز مہمان کا پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف بھی کروایا گیا۔

ملاقات کے دوران ایئر چیف نے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اپنے وسیع  منصوبوں کا ذکر کیا جن میں اتحادی ممالک سے سمارٹ ٹیکنالوجی کے حصول، انفراسٹرکچر کی توسیع اور تربیتی شعبے کی ازسرنو تشکیل کے منصوبے شامل ہیں۔ سربراہ پاک فضائیہ نے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ مذہبی اور تاریخی رشتہ استوار ہے جو کہ بے مثال تزویراتی شراکت داری کا مظہر ہے۔ انہوں نے دونوں فضائی افواج کے مابین تعاون، اسٹریٹجک اتحاد اور تربیتی شعبے میں موجود دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایئر چیف نے مزید کہا "پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔ دونوں برادر ممالک نے کبھی بھی مشکل کی گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ پاک فضائیہ ترک فضائیہ کی تربیت، اسکی صلاحیتوں میں اضافے اور اس حوالے سے مدد کی فراہمی کے لیے ہمیشہ پرعزم رہے گی”۔ ایئر چیف نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ کے پائلٹ ترک فضائی عملے کو تربیتی اور لڑاکا طیاروں سمیت مختلف جہازوں کی تربیت دینے میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

- Advertisement -

ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل اتیلا گولان نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور  ہوابازی کی صنعت میں خود انحصاری کی جانب گامزن پاک فضائیہ کی تعریف کی۔ معزز مہمان نے پاک فضائیہ کی سرپرستی میں جاری نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک منصوبے میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اس منصوبے کو کامیاب بنانے میں سربراہ پاک فضائیہ کے غیر متزلزل عزم کو بھی سراہا۔ کمانڈر ترک فضائیہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے پہلے سے موجود دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ دونوں سربراہان کی جانب سے فضائی افواج کے مابین موجودہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیئے نئی راہیں استوار کرنے پر بھی اتفاق ہوا، جس میں عسکری آلات کے ساتھ ساتھ ففتھ جنریشن لڑاکا طیاروں اور بغیر پائلٹ کے فضائی پلیٹ فارمز کی مشترکہ پیداوار خصوصی اہمیت کی حامل ہے۔

حکومت پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے اعتراف میں جنرل اتیلا گولان کو نشان امتیاز (ملٹری) سے نوازا، جو کہ پاکستان کا اعلیٰ ترین ریاستی منظم نان آپریشنل ملٹری ایوارڈ ہے۔ ترک فضائیہ کے کمانڈر نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں قائم مختلف تنصیبات اور تکنیکی انفراسٹرکچر کا دورہ بھی کیا جن میں پاک فضائیہ کے نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشن سینٹر اور پاک فضائیہ کی سائبر کمانڈ شامل ہیں، جہاں انہیں پاک فضائیہ کو جدت سے ہمکنار کرنے کے لیئے جاری مختلف منصوبوں اور اسکی آپریشنل صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

Comments

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں