جمعرات, مئی 23, 2024
اشتہار

’بیوی شوہر کو ماہانہ 5 ہزار روپے خرچہ دے‘، بھارتی عدالت کا حیران کُن فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں اندور فیملی کورٹ کا حیران کُن فیصلہ زیرِ بحث ہے جس میں خاتون کو حکم دیا گیا کہ وہ اپنے شوہر کو ماہانہ پانچ ہزار روپے خرچہ دے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نندنی نامی خاتون نے دسمبر 2023 میں شوہر امان کے خلاف گھریلو تشدد کا کیس فیملی کورٹ میں کیا تھا جس کا فیصلہ آج سنا دیا گیا۔

امان کے وکیل منیش نے بتایا کہ میرے مؤکل کی 2020 میں نندنی سے دوستی ہوئی تھی جس کے بعد دونوں کے درمیان بات چیت آگے بڑھی، ابتدا میں امان شادی نہیں کرنا چاہتا تھا لیکن نندنی نے خودکشی کی دھمکی دی تو آخرکار امان 2021 میں شادی کرنے پر رضامند ہوا۔

- Advertisement -

وکیل منیش کے مطابق جوڑا شادی کے بعد اندور میں کرائے کے مکان میں رہ رہا تھا، کچھ عرصے بعد نندنی نے چھوٹی چھوٹی باتوں پر امان کو ذہنی اور جسمانی طور پر ہراساں کرنا شروع کیا۔

منیش نے بتایا کہ نندنی کے رویے سے مایوس ہو کر امان نے اسے چھوڑ کر اپنے والدین کے ساتھ رہنے کیلیے اجین چلا گیا، بعدازاں نندنی نے اندور پولیس میں شوہر کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی جبکہ امان نے اپنے گھر والوں کو پورے واقعہ سے آگاہ کیا تھا۔

کچھ دنوں کے بعد نندنی نے امان کے خلاف گھریلو تشدد کا مقدمہ درج کروایا اور خرچہ دینے کا درخواست دائر کی۔ امان نے عدالت کو بتایا کہ وہ اپنی ماں کے ساتھ رہنا چاہتا ہے اور جب بھی وہ والدین کے پاس جانے کی تیاری کرتا ہے تو نندنی گھر کو تالے لگا دیتی ہے۔

امان نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ میری تعلیم 12ویں جماعت تک ہے، میں مزید پڑھائی کیلیے کالج میں داخلہ لیا تھا لیکن بیوی کی وجہ سے پڑھائی جاری نہ رکھ سکا اور اب بے روزگار ہوں۔

لڑکے نے عدالت سے استدعا کی کہ نندنی کو حکم دیا جائے کہ وہ اسے ماہانہ خرچہ دے کیونکہ وہ اپنا پیوٹی پارلر چلاتی ہے۔ ادھر نندنی نے عدالت کو بتایا کہ میں بے روزگار ہوں۔

امان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جب نندنی نے تھانے میں گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی تھی تو اس نے بتایا تھا کہ وہ بیوٹی پارلر چلاتی ہیں۔

عدالت نے دونوں فریقین کو سننے کے بعد نندنی کو حکم دیا کہ وہ امان کو ماہانہ 5 ہزار روپے خرچہ دے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں