20.4 C
Dublin
منگل, مئی 28, 2024
اشتہار

سمندری طوفان جمعرات کو لینڈ فال کرے گا، 13 واں الرٹ جاری

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بیپر جوائے جمعرات کو لینڈ فال کرے گا، طوفان سے متعلق 13 واں الرٹ بھی جاری کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کراچی کے ڈائریکٹر فورکاسٹنگ اینڈ سائیکلون وارننگ سینٹر نے کہا ہے کہ سمندی طوفان بیپر جوائے آج شام، کل صبح ایسٹ کی جانب ہوگا، اور یہ جمعرات 15 جون کو لینڈ فال کرے گا۔

زبیر احمد صدیقی نے بتایا کہ سمندری طوفان بھارتی گجرات کے ساحل سے ٹکرائے گا اور پاکستان پر بھی اس کے اثرات پڑیں گے، طوفان کے اثرات ٹھٹھہ، سجاول، تھرپارکر، میرپورخاص اور کراچی مرتب ہوں گے۔

- Advertisement -

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان نے پچھلے 12 گھنٹوں میں کراچی سے 600 کلو میٹر فاصلے کا سفر طے کیا ہے، اس کا رخ 14 جون تک شمال کی جانب ہوگا، 15 جون کی دوپہر طوفان شمال مشرق کی جانب ہو کر سندھ کیٹی بندر اور انڈین گجرات کی ساحلی پٹی سے ٹکرا جائے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بیپر جوائے شدید سمندری طوفان ہے، جس کے کمزور پڑنے کا امکان نظر نہیں آ رہا، طوفان کے مرکز میں 130 سے 160 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے جھونکے چل رہے ہیں، سطح سمندر کا درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، سمندر کی حدود کا درجہ حرارت فی الحال سازگار ہے، طوفان کے مرکز میں سطح سمندر میں طغیانی کے باعث لہریں 30 سے 40 فٹ تک بلند ہیں، جب کہ عموماً سطح سمندر میں لہریں 4 سے 5 فٹ بلند ہوتی ہیں، 13 جون سے 15 جون تک شہر کراچی میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

زبیر احمد نے کہا کہ طوفان کی وجہ سے بدھ اور جمعرات کو کراچی میں تیز بارش کا امکان ہے، جب کہ آج کا دن سخت گرم رہے گا، اور پارہ 40 سے 41 تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جب کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، اور ہوا میں نمی کا تناسب 43 فی صد ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں گرمی کی شدت 45 سے 47 ڈگری تک محسوس کی جا سکتی ہے، اس لیے شہری ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں۔

Comments

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں