ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

وفاقی بجٹ آج پیش کیا جائے گا

اشتہار

حیرت انگیز

آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ آج پیش کیا جائے گا بجٹ کا مجموعی حجم 13 ہزار 800 ارب سے زائد ہوگا جس میں خسارہ 6 ہزار ارب سے زائد ہوگا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق آئندہ مالی سال 2023-24 کے لیے وفاقی بجٹ آج پیش کیا جائے گا بجٹ اجلاس سہ پہر 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگا، وزیر خزانہ اسحاق ڈار بجٹ پیش کریں گے۔ ذارئع کے مطابق بجٹ کا حجم 13 ہزار 800 ارب روپے سے زائد ہوگا۔ بجٹ کا خسارہ 6 ہزار ارب سے زائد ہوگا جب کہ 7300 ارب روپے قرضوں اور سود کی ادائیگی پر خرچ ہوں گے۔

بجٹ کے خدوخال سے متعلق ذرائع نے بتایا کہ آئندہ بجٹ میں ٹیکس آمدن کا تخمینہ 9200 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے جب کہ نان ٹیکس آمدن کا تخمینہ 2800 ارب روپے ہوسکتا ہے۔ 1300 ارب روپے سبسڈی کے لیے مختص ہوسکتے ہیں۔

- Advertisement -

ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال ترقیاتی بجٹ 1150 ارب روپے ہوگا، صوبوں کو قومی محاصل سے 5244 ارب روپے ملنے کا تخمینہ ہے جب کہ دفاع کے لیے 1800 ارب روپے سے زائد خرچ ہونے کا تخمینہ ہے۔

آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں 20 سے 30 فیصد بڑھنے کا امکان ہے جب کہ پنشن میں بھی 20 فیصد اضافے کا امکان ہے۔ ا بجٹ میں پنشن کے لیے 700 ارب روپے سے زائد رکھے جانے کا امکان ہے۔

بجٹ میں وزارتوں کے لیے 650 ارب روپے سے زائد رکھنے کی تجویز ہے۔ اراکین پارلیمنٹ کو 90 ارب روپے ترقیاتی اسکیموں کے لیے ملیں گے، وزیراعظم کی اسکیموں کے لیے 80 ارب روپے مختص کیے گئے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئندہ مالی سال کیلیے وفاقی بجٹ کا خسارہ جی ڈی پی کا 6.4 فیصد رہ سکتا ہے، وفاق اور صوبوں کا بجٹ خسارہ 4.8 سے 5 فیصد تک رکھنے کا تخمینہ لگایا گیا۔

آج پیش کیا جانے والا بجٹ پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت کا دوسرا بجٹ ہوگا۔ بجٹ اجلاس سے قبل وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا جس میں کابینہ بجٹ کی منظوری دے گی۔

قومی اسمبلی اجلاس کے بعد شام 6 بجے سینیٹ کا اجلاس ہوگا جس میں وزیر خزانہ بجٹ دستاویزات پیش کریں گے۔ سینیٹ اجلاس میں بجٹ سفارشات کے لئے قائمہ کمیٹی خزانہ کو بھجوا دیا جائے گا تاہم بجٹ کے حوالے سے سینیٹ سفارشات پر حکومت عمل درآمد کی پابند نہیں ہوتی۔

یہ بھی پڑھیں: آئندہ بجٹ میں 700 ارب سے زائد کے نئے ٹیکسز عائد کرنے کا فیصلہ

اس کے علاوہ بجٹ میں 700 ارب سے زائد کے نئے ٹیکسز عائد کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو آج فنانس بل پارلیمنٹ میں پیش کرے گا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار بجٹ تقریر میں فنانس بل کی کچھ نکات سے ایوان کو آگاہ کریں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف مشاورت سے ایف بی آر کیلیے آئندہ مالی سال کیلئے 9200 ارب ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ بجٹ میں 510 ارب کے ٹیکسز منی بجٹ سے وفاقی بجٹ کا حصہ بنیں گے جب کہ 200 ارب کے مزید نئے ٹیکسز لگائے جائیں گے۔

Comments

اہم ترین

ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں