ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

حکومت نے غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو پاکستان چھوڑنے کی مہلت دے دی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: نگراں وفاقی حکومت نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو یکم نومبر تک رضاکارانہ طور پر پاکستان چھوڑنے کی مہلت دے دی۔

نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے وزیر اعظم انوار الحق کی زیرِ صدارت ہونے والے قومی سلامتی کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ کیا۔

سرفراز بگٹی نے بتایا کہ آج نگراں وزیر اعظم کی زیرِ صدارت ایپکس کمیٹی اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف، سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی یکم نومبر تک رضاکارانہ طور پر واپس اپنے ملک چلے جائیں، یکم نومبر کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر قانونی طور پر مقیم لوگوں کو ڈیپورٹ کریں گے، غیر قانونی مقیم شہریوں کو یکم نومبر کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔

نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ یکم نومبر تک نہیں جاتے تو ہم انفورسمنٹ کے تحت ڈی پورٹ کریں گے، غیر قانونی طور پر مقیم شہریوں کے پاس وقت ہے، ہمارا واحد ملک ہے جہاں بغیر پاسپورٹ اور ویزا کے آ جاتے ہیں، یکم نومبر سے کوئی بھی غیر ملکی شہری بغیر پاسپورٹ داخل نہیں ہو سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کا رہنے والا پاسپورٹ اور ویزے کے بغیر ہمارے ملک میں داخل نہیں ہو سکے گا، یکم نومبر سے 5 نومبر تک ای تذکرہ چلے گا، 5 نومبر کے بعد جو بھی آئے وہ ویزا لے کر آئے گا، غیر قانونی مقیم شہریوں کا کاروبار اور جائیداد بحق سرکار ضبط کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی مقیم کے ساتھ کوئی پاکستانی ملوث ہوگا تو کارروائی کی جائے گی، ٹاسک فورس بنادی گئی ہے غیر قانونی شہریوں کی پراپرٹیز اور کاروبار کو ضبط کیا جائے گا، انٹیلیجنس، لااینڈفورسمنٹ ایجنسیز غیر قانونی مقیم لوگوں کی پراپرٹی کو ضبط کریں گے۔

”حملوں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں“

نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ بعض دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث غیر ملکیوں کے پاس سے غیر قانونی پاکستانی پاسپورٹ ملے ہیں، پاکستانی خاندانوں کے ساتھ رہنے والے غیر ملکیوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، ایسے لوگوں کے بارے میں معلومات دینے والوں کا نام صیغہ راز ہوگا اور انعام بھی دیا جائے گا۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ جنوری سے اب تک 24 خودکش حملے ہوئے 14 افغانیوں نے کیے، 12 ربیع الاول کو ہنگو میں حملہ کرنے والے دہشتگرد افغانی تھے، کوئی دو رائے نہیں کہ افغانستان سے ہم پر حملے ہوتے ہیں، افغان شہری حملوں میں ملوث ہوتے ہیں تمام شواہد موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت 4.4 ملین افغانی ہیں جبکہ 1.42 ملین افغانی ملک میں رجسٹرڈ ہیں، غیر قانونی افغان 1.73 ملین ہیں جو کہیں رجسٹرڈ نہیں، جو قانونی طور پر ویزا لے کر آئے گا کاروبار کرے گا ہم پروموٹ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں جو غیر قانونی طور پر مقیم ہیں وہ صرف افغانی نہیں ہیں، ہمارے پاس کیپسٹی ہے جو قانونی طور پر ویزا لے کر آنا چاہتا ہے ویلکم کریں گے، ہمارے پاس جتنی کیپسٹی ہوگی اتنے ہی ویزے دیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں