جمعرات, مئی 23, 2024
اشتہار

بھارتی کمپنی کی سرمایہ کاری کیلیے تین ممالک سے بات چیت

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی : بھارتی کمپنی ’ریلائنس ریٹیل‘ نے یو اے ای، سعودی عرب اور سنگاپور سے مزید سرمایہ کاری کے لیے بات چیت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی ریلائنس ریٹیل کمپنی سنگاپور، ابوظبی اور سعودی عرب کے خود مختار دولت فنڈ سمیت موجودہ سرمایہ کاروں کے ساتھ مزید ڈیڑھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے بات چیت کر رہی ہے۔

اس منصوبے کے بارے میں براہ راست معلومات رکھنے والے تین اہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تینوں ممالک کے دولت فنڈ مجموعی طور پر 1.5 ارب ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کریں گے۔

- Advertisement -

یاد رہے کہ ’ریلائنس ریٹیل‘ بھارت کی سب سے بڑی خوردہ فروش کمپنی ہے اور ایشیا کے امیرترین شخص مکیش امبانی اس کے سربراہ ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق سرمایہ کاروں کے ساتھ یہ بات چیت ساڑھے تین ارب ڈالر اکٹھے کے ہدف کا حصہ ہے جسے کمپنی ستمبر کے آخر تک حتمی شکل دینا چاہتی ہے۔

ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ سنگاپور کی جی آئی سی، ابوظبی انویسٹمنٹ اتھارٹی (اے ڈی آئی اے) اور سعودی عرب کا سرکاری سرمایہ کاری فنڈ (پی آئی ایف) ریلائنس ریٹیل میں کم سے کم 50کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔

جی آئی سی، اے ڈی آئی اے نے اس معاملے پرتبصرے سے گریز کیا ہے، پی آئی ایف نے تبصرے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا جبکہ ریلائنس کا کہنا ہے کہ ہم میڈیا کی قیاس آرائیوں اور افواہوں پر تبصرے نہیں کرتے ہیں۔

ایک ذریعے نے بتایا کہ تینوں سرمایہ کاروں میں سے کچھ 50 کروڑ ڈالر سے بھی کم سرمایہ کاری کر سکتے ہیں، اور فنڈ اکٹھا کرنے کے لیے ایک یا دو مزید سرمایہ کاروں کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے۔

تینوں ذرائع میں سے پہلے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ تینوں سرمایہ کاروں نے کمپنی کا بہت سنجیدگی سے جائزہ لیا ہے مگرحتمی سرمایہ کاری یا فنڈنگ کے منصوبے اب بھی تبدیل ہوسکتے ہیں۔

ریلائنس گروپ نے 2020 میں اپنے ریٹیل یونٹ کے 10.09 فی صد حصص فروخت کیے تھے۔اس کی قیمت 46 کھرب روپے (56.4 ارب ڈالر) تھی۔ اس وقت جی آئی سی اور اے ڈی آئی اے نے 66 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی جبکہ پی آئی ایف نے موجودہ شرح تبادلہ کی بنیاد پر 1.15 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی۔

مکیش امبانی کے ہندوستان میں 18،000 سے زیادہ اسٹورز ہیں۔ ان میں گروسری سے لے کر الیکٹرانکس تک کے آپریشنز شامل ہیں۔ اس میں مارکس اینڈ سپینسر جیسے برانڈز کے ساتھ شراکت داری بھی شامل ہے اور دنیا کی سب سے بڑی مارکیٹوں میں سے ایک میں ایمیزون اور وال مارٹ کی فلپ کارٹ کے ساتھ مقابلہ ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں