اسلام آباد: پاکستانی کوہ پیما کی جان بچانے والے آذربائیجانی اسرافیل اشورلی نے پاکستان کے یوم آزادی پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان سے دل سے پیار کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں پاکستانی کوہ پیما کی جان بچانے والے آذربائیجانی کوہ پیما اسرافیل اشورلی نے یومِ آزادی کے موقع پر خصوصی پیغام دیا ہے۔
اسرافیل اشورلی نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہوئے تمام پاکستانی دوستوں، بھائیوں اور بہنوں، اور پاکستانی عوام کو یوم آزادی مبارک دی، انہھں نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خوشی سے جیو، میں پاکستان سے دل سے پیار کرتا ہوں، مجھے یہاں رہنے والے مہربان اور مدد کا جذبہ رکھنے والے لوگوں سے پیار ہے۔
انھوں نے مزید کہا مجھے پاکستان کے خوب صورت قدرتی مناظر اور پہاڑوں سے پیار ہے، میری خواہش ہے کہ پاکستان میں امن اور خوش حالی ہو، پاکستان اور آذربائیجان بھائی چارہ زندہ باد۔