جمعہ, مئی 24, 2024
اشتہار

کےالیکٹرک نے لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول جاری کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

کےالیکٹرک نے اپنے 2 ہزار سے زائد فیڈرز پر مشتمل نیٹ ورک کا جائزہ لینے کے بعد نیا لوڈ شیڈنگ شیڈول جاری کر دیا ہے۔

گزشتہ لوڈشیڈ شیڈول کے مقابلے میں نئے شیڈول میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں آئی ہے۔ آخری جائزہ ستمبر 2023 میں لیا گیا تھا۔

تازہ ترین لوڈشیڈ شیڈول کمپنی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے، جو 01 جنوری 2024 سے نافذ  ہوچکا ہے۔ صارفین کے۔ الیکٹرک لائیو اَیپ اور کے ای واٹس اَیپ سروس کے ذریعے تازہ ترین اپ ڈیٹس دیکھ سکتے ہیں۔

- Advertisement -

ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہے کہ ہم بلوں کی باقاعدہ ادائیگی اور بجلی کی چوری کا تعین کرنے کے لیے اپنے نیٹ ورک کا جائزہ لیتے رہتے ہیں جو کسی بھی علاقے میں ہونے والے نقصانات کا تعین کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ 71  فیصد نیٹ ورک کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جارہی ہے جبکہ بقیہ 29 فیصد کو علاقے میں ہونے والے نقصانات کی شرح کے مطابق زیادہ سے زیادہ 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

December 2023 LS Infographic_Final

ایک کمپنی کی حیثیت سے ہم کمیونٹی سے تعاون، سہولت کاری اور چوری کی روک تھام کے ذریعے زیادہ نقصانات والے علاقوں میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ ہم اُن صارفین اور منتخب نمائندوں کے شکرگزار ہیں جو کراچی کو روشن رکھنے کے ہمارے مشن اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی میں درپیش مشکلات سے نمٹنے کے لیے ہمارے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔

بلوں کی باقاعدہ ادائیگی اور لائن لاسز میں کمی کے نتیجے میں گلستان جوہر بلاک 8 اور بلاک 9 میں جنہیں ”پنک پارک آر ایم یو“  جبکہ کورنگی سیکٹر 33 ڈی ایریا اور آر ایریا جنہیں ”رحمانیہ مسجد“ فیڈر کے ذریعے بجلی فراہم کی جارہی ہے، ان علاقوں میں نقصان میں کمی کے باعث لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6 گھنٹے تک کم کردیا گیا ہے۔ اسی طرح سرجانی کے سیکٹر 5 ڈی، 5 بی، 5 سی و دیگر علاقے جنہیں ”سلّو گارڈن“ فیڈر کے ذریعے بجلی فراہم کی جارہی ہے، وہاں بھی لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں 4 گھنٹے کی کمی کر دی گئی ہے ۔

دوسری جانب کچھ علاقوں میں نقصانات کی شرح میں اضافے کے باعث لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں لانڈھی 37 اے، گل محمد خان گوٹھ (لانڈھی) جیسے علاقے شامل ہیں، جنہیں ”اٹلس آٹوز“ فیڈر کے ذریعے بجلی فراہم کی جاتی ہے۔ یہاں لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں 4 گھنٹے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح نارتھ کراچی کے علاقے مسلم ٹاؤن اور رحمان کالونی میں 6 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہوگی۔

ترجمان کےالیکٹرک نے مزید کہا کہ اگلے جائزے تک ان علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ جن علاقوں میں بلوں کی ادائیگی کم اور بجلی چوری کی شرح زیادہ ہے اُن کو ”مفت بجلی“ فراہم نہیں کی جاسکتی۔ کمپنی اپنے انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے ذریعے قابل اعتماد بجلی کی فراہمی کو یقینی بنارہی ہے، جبکہ نیٹ ورک سے کنڈے  ہٹانے کے لیے بہتر گورننس پروٹوکول پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں