تازہ ترین

لاہور میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا

لاہور میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا، سردی بڑھنے کے ساتھ ہی مختلف علاقوں سے گیس غائب رہنے لگی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کے شہر لاہور کے متعدد علاقوں میں گیس غائب رہنے لگی جس کے سبب گھروں، تندور اور ہوٹل والے سب پریشان ہیں۔

گیس کی عدم دستیابی کے باعث عوام بازار سے کھانا لانے پر مجبور ہوگئے۔

گیس کی عدم فراہمی کے باعث عوام مہنگی ایل پی جی، اور لکڑیاں خرید رہے ہیں جبکہ لکڑیاں 1400 روپے من اور ایل پی جی 240 کلو تک جاپہنچی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا تھا کہ گھریلو صارفین کو کھانے کے اوقات میں 3 وقت گیس دینے کی تجویز دی گئی ہے، گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی اولین ترجیح ہوگی۔

سوئی ناردرن اور سدرن کا گیس شارٹ فال 1.2 ارب مکعب فٹ تک بڑھ سکتا ہے، گھریلو صارفین کو 350 ایم ایم سی ایف ڈی تک ایل این جی دینے کی تجویز دی گئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویزن حکام کا کہنا تھا کہ یکم نومبر سے کمرشل صارفین کو گیس کی فراہمی بند کرنے اور کمرشل صارفین کو ایل این جی پر منتقل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

Comments