پیر, دسمبر 23, 2024
اشتہار

کراچی: غیر ملکیوں کو لے جانے والی گاڑی پر حملہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی:لانڈھی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں کو لے جانے والی گاڑی کو ٹارگٹ کیا گیا ہے، پولیس نے حملہ ناکام بناتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لانڈھی مانسہرہ کالونی میں گاڑی پر دھماکہ اور فائرنگ کی گئی ہے، گاڑی میں غیرملکی شہری موجود تھے، جو محفوظ رہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دوسرا دہشت گرد پولیس سے مقابلے میں مارا گیا، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے پاس سے بیگ بھی ملا ہے۔

- Advertisement -

پولیس کا کہنا ہے کہ بیگ میں دستی بم موجود ہیں، دھماکے کی زدمیں قریب موجود ایک موٹر سائیکل اورپک اپ آئی، گاڑی میں موجود تمام غیر ملکی مہمان محفوظ ہیں۔ جبکہ رینجرز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

ایس ایس پی ملیرطارق الٰہی نے بتایا کہ غیرملکی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون جارہے تھے،جو روزانہ کی بنیاد پر یہاں سے گزرتے تھے۔

انہو ں نے کہا کہ حملہ آوروں کی تعداد 3 تھی جن میں سے 2 ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑایا، دوسرا دہشت گرد پولیس سے مقابلے میں مارا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز محکمہ انسداد دہشتگرد (سی ٹی ڈی) نے قومی شاہراہ پر اہم کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں دہشتگردی کا گھناؤنا منصوبہ ناکام بنا دیا تھا۔

سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد کراچی لاتے 4 دہشتگرد پکڑے گئے، قومی شاہراہ پر روہڑی کے قریب مشکوک کار کو روک کر تلاشی لی گئی تھی۔

حکام کے مطابق کار سے دھماکا خیز مواد برآمد ہوا جس کے فوراً بعد 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، چاروں ملزمان مختلف کیسز میں مطلوب ہیں جبکہ ان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں پر 16 سے زائد مقدمات ہیں۔

تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ دھماکا خیز مواد کراچی دہشتگردی کی نیت سے لے کر جا رہے تھے۔

Comments

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں