ممبئی: بھارتی ریاست لدھیانہ کی عدالت نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان اور ساتھی اداکارہ شلپا سیٹھی کے خلاف دائر درخواست مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ کے دبنگ خان اور اداکارہ شلپا سیٹھی پر الزام تھا کہ انہوں نے ’ایک تھا ٹائیگر‘ کی تشہیر کے دوران ہندوؤں کی نچلی ذات ’والمکی‘ کے لیے بھنگی کا لفظ استعمال کیا تھا۔
راجھستان کی ولمیکی برادری نے دونوں اداکاروں کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے لدھیانہ کی عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ سلمان خان اور شلپا سیٹھی نے ’برادری کے جذبات کو ٹھیس پہنچایا لہذا دونوں کو بھارتی قوانین کے تحت کڑی سزا دی جائے‘ْ
لدھیانہ کی عدالت نے درخواست کو مسترد کرتے ہوئے فیصلہ سنایا کہ ’اداکاروں کا ارادہ یا مؤقف کسی برادری کی تضحیک نہیں تھا بلکہ انہوں نے اس لفظ کو فلمی کردار کے لیے استعمال کیا جبکہ دونوں نے والمکی برادری سے غیر مشروط معافی بھی مانگی‘۔
مزید پڑھیں: سلمان خان اور شلپا شیٹھی کے خلاف مقدمہ درج
واضح رہے کہ راجستھان کے ضلع چھورو میں بسنے والی والمکی برادری نے گذشتہ برس دسمبر میں سلمان خان کی فلم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کی تشہیر کے دوران بالی ووڈ ادکار نے نچلی ذات کے ہندوؤں کو بھنگی کہہ کر تضحیک کا نشانہ بنایا‘۔
والمکی برادری نے راجھستان کے پولیس اسٹیشن کوٹ ولی میں بالی ووڈ اداکارہ اور سلمان خان کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا جس میں اشتعال انگیزی کی دفعات شامل کی گئی تھیں، ایف آر کے متن میں لکھا گیا تھا کہ ’اداکاروں نے ایسی بات کی جس کے باعث ہمارے دلوں کو بہت زیادہ ٹھیس پہنچی‘۔
دوسری جانب شلپا سیٹھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ ’میرے انٹرویو کی وجہ سے جن لوگوں کی دل آزاری ہوئی اُن سے معذرت کرتی ہوں، کوئی بھی لفظ بولنے کا یہ مقصد نہیں تھا کہ کسی کا دل ٹوٹے کیونکہ میں سب کی عزت کرتی ہوں‘۔