جمعہ, مئی 24, 2024
اشتہار

میئر شپ پر مذاکرات، ن لیگ نے پی پی سے بڑا مطالبہ کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی کے میئر کے انتخاب کے لیے وفاق میں اتحادی جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں مذاکرات ہوئے جن میں ن لیگ نے ڈپٹی میئر کا عہدہ مانگ لیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں میئر کا انتخاب 15 جون کو ہونا ہے تاہم کوئی بھی جماعت تنہا اپنا میئر لانے کی پوزیشن میں نہیں ہے جس کے باعث سیاسی جماعتیں اپنا میئر لانے کے لیے دیگر جماعتوں سے رابطے اور سیاسی جوڑ توڑ میں مصروف ہیں۔

پیپلز پارٹی نے اپنا میئر کراچی لانے کے لیے ن لیگ سے رابطہ کیا ہے جس کی کے ایم سی میں 14 نشستیں ہے تاہم ن لیگ نے پیپلز پارٹی کی حمایت کے بدلے ڈپٹی میئر کراچی کا عہدہ مانگ لیا ہے۔

- Advertisement -

اس حوالے سے ن لیگ کا کہنا ہے کہ ہماری کے ایم سی میں 14 نشستیں ہیں اس لیے ڈپٹی میئر کا عہدہ اصولی طور پر ہمیں دیا جائے۔

اس حوالے سے پی پی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ میئر اور ڈپٹی میئر کا حتمی فیصلہ چیئرمین بلاول بھٹو کریں گے جب کہ ن لیگ کے ذرائع کہتے ہیں کہ وفاق میں پیپلز پارٹی سے ہمارا اتحاد فطری ہے اس لیے میئر شپ کے لیے پی پی کی حمایت کریں گے۔

واضح رہے کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی شہر کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے اور مخصوص نشستوں پر انتخاب مکمل ہونے کے بعد اس کی کے ایم سی ایوان میں نشستیں 155 ہوگئی ہیں جب کہ جماعت اسلامی جو دوسری بڑی جماعت ہے اس کی نشستوں کی تعداد 130 ہوگئی ہے۔ پی ٹی آئی کی نشستوں کی تعداد 62 جب کہ ن لیگ کی 14 نشستیں ہوگئی ہیں۔

کراچی میونسپل کارپوریشن کا ایوان 367 اراکین پر مشتمل ہے اور میئر لانے کے لیے کم از کم 184 ووٹ درکار ہوں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں