ہوم بلاگ صفحہ 10

امریکا کی غزہ پالیسی پر ایک اور ترجمان نے استعفیٰ دیدیا

0

امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی عربی زبان کی ترجمان ہالا ریرٹ نے واشنگٹن کی غزہ پالیسی پر استعفیٰ دے دیا۔

محکمہ خارجہ کی عربی زبان کی ترجمان نے غزہ کے بارے میں بائیڈن انتظامیہ کی پالیسی کی مخالفت کی وجہ سے اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئیں۔

ہالا ریرٹ دبئی ریجنل میڈیا ہب کی ڈپٹی ڈائریکٹر بھی تھیں اور 2006 میں فارن سروس میں بطور پولیٹیکل آفیسر شامل ہوئیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ میں نے 18 سال کی ممتاز خدمات کے بعد امریکا کی غزہ پالیسی کی مخالفت کرتے ہوئے اپریل 2024 کو استعفیٰ دے دیا۔

ہالا امریکی سفارت کاروں کے اس سلسلے میں تازہ ترین کڑی ہے جو غزہ پر بمباری جاری رکھنے پر اسرائیل کی غیر مشروط حمایت کے طور پر تنقید کرتے ہوئے اپنے عہدوں سے دستبردار ہو گئے ہیں۔

اسرائیلی فوجی مہم 7 اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد شروع ہوئی جس میں اب تک 34,000 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

جوش پال، جو کہ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے بیورو آف پولیٹیکل ملٹری افیئرز میں ڈائریکٹر تھے اکتوبر میں مستعفی ہو گئے۔ انہوں نے غزہ کی موجودہ جنگ کے تناظر میں اسرائیل کو ہتھیار فراہم کرنے کے بائیڈن انتظامیہ کے فیصلے سے اپنے اختلاف کا بھی حوالہ دیا تھا۔

لاہور میں کم عمر گھریلو ملازمہ پراسرار طور پر جھلس کر جاں بحق

0
گھریلو ملازمہ

لاہور کے علاقے ملت پارک میں 9 سالہ گھریلو ملازمہ پراسرار طور پر جھلس کر جاں بحق ہوگئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے ملت پارک میں 9 سالہ زینب سلمان نامی شخص کے گھر چند ماہ سے ملازمت کررہی تھی، بچی کو زخمی حالت میں آج اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گھر کے مالک سلمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ملزم نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ گھریلو ملازمہ گزشتہ روز کچن میں سلنڈر پھٹنے سے جھلسی تھی جسے ابتدائی طبی امداد گھر میں ہی دی جاتی رہی، حالت زیادہ بگڑنے پر آج اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

پولیس کو بتانا ہے کہ ملزم نے زینب کے گھر والوں کو جھلسنے کی اطلاع نہیں دی تھی۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے قصور میں زینب کے ورثا سے رابطہ کیا ہے جبکہ ورثا کی درخواست پر تھانہ ملت پارک میں مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

ایس پی اقبال ٹاؤن کا کہنا ہے کہ موت کے اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ورثا سے ملاقات کی اور بچی کے ورثا کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

غزہ میں ملبے کو صاف کرنے میں 14 سال لگیں گے

0

اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے بعد غزہ کے ملبےکو صاف کرنے کے لیے 14 سال لگیں گے۔

 اقوام متحدہ کے ایک اہلکار نے اپنا اندازہ پیش کیا ہے کہ اسرائیل کی تباہ کن جنگ نے غزہ کی پٹی میں ایک اندازے کے مطابق 37 ملین ٹن ملبہ چھوڑا ہے۔

اقوام متحدہ کی مائن ایکشن سروس کے سینئر افسر پرہ لودھامر نے جنیوا میں بریفنگ میں بتایا کہ اگرچہ وسیع پیمانے پر شہری آبادی والے، گنجان آباد علاقے میں نہ پھٹنے والے ہتھیاروں کی صحیح تعداد کا تعین کرنا ناممکن تھا لیکن یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ ملبے کو صاف کرنے میں 14 سال لگ سکتے ہیں۔

اس میں اسرائیل کی بمباری میں تباہ ہونے والی عمارتوں کا ملبہ بھی شامل ہو گا جس نے تنگ، ساحلی انکلیو کو ایک بنجر زمین میں تبدیل کر دیا ہے جس میں زیادہ تر شہری بے گھر، بھوکے اور بیماری کے خطرے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ عام طور پر کم از کم 10 فیصد لینڈ سروس گولہ بارود کی ناکامی کی شرح ہوتی ہے جو فائر کیا جاتا ہے اور وہ کام کرنے میں ناکام رہتا ہے لیکن ہم 100 ٹرکوں کے ساتھ 14 سال کے کام کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔

اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار نئی بلندیوں پر

0
پاکستان اسٹاک مارکیٹ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کے دوران کاروبار نئی بلندیوں تک پہنچ گیا۔

سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے کے بعد سے اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا سفر جاری ہے اور جمعہ کو بھی مثبت رجحان دیکھا گیا۔ 100انڈیکس نے نئی بلندترین سطح 72 ہزار 862 پوائنٹس قائم کر لی۔

100انڈیکس 771 پوائنٹس کے اضافے سے 72 ہزار742 پوائنٹس پر بند ہوا۔ دن بھر مجموعی طور پر 375 کمپنیوں کے شیئرز میں کاروبارہوا۔

ان میں 175 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جب کہ 175 کے شیئرز میں کمی ہوئی۔ مارکیٹ میں 53کروڑ 37 لاکھ سے زائد شیئرز کی لین دین ہوئی۔

اسٹاک مارکیٹ میں 22 ارب 31 کروڑ سے زائد مالیت کے شیئرز کے سودے ہوئے۔ مارکیٹ کی بلندترین سطح 72,862 اور کم ترین سطح 71,764 پوائنٹس رہی۔

’آخری اوورز میں سنگلز لیں گے تو ایسے ہی نتیجے آئیں گے‘

0
اظہر محمود

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ آخری اوورز میں بھی ایک ایک رن بنائیں گے تو نتیجہ شکست ہی نکلے گا۔

چوتھے ٹی 20 میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 4 رنز سے شکست کے بعد قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود نے کہا کہ ٹی 20 بہت کم مارجن کا کھیل ہوتا ہے، مڈل اوورز میں ہمارا اسٹرائیک ریٹ بہت کم ہوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اسٹرائیک ریٹ بہتر کرنے پر کام کررہے ہیں۔

اظہر محمود نے کہا کہ شکست کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ فخر زمان اور شاداب خان کے درمیان شراکت نہیں بن سکی۔

اس سے قبل بابراعظم نے بیٹنگ لائن میں ناکامی اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ مڈل اوورز میں زیادہ رنز نہیں بنا سکے ہمیں 179 رنز کا ہدف حاصل کرنا چاہیے تھا۔

ٹیم میں تبدیلیوں اور نوجوانوں کو موقع دینے پر ان کا کہنا تھا کہ نوجوان بولرز نے زبردست بولنگ کی البتہ انجریز کی وجہ سے ٹیم میں تبدیلیاں کرنا پڑیں کوشش یہی ہے تمام کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے چوتھے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 4 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

مہاتیر محمد سے کرپشن کی تحقیقات

0

ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم مہاتیر کو انسداد بدعنوانی کی تحقیقات کا سامنا ہے۔

 ملک کی انسداد بدعنوانی ایجنسی نے تصدیق کی ہے کہ مہاتیر محمد سے ان کے بیٹوں کی کرپشن کی تحقیقات کے سلسلے میں انکوائری کی جا رہی ہیں

ملائیشیا کے انسداد بدعنوانی کمیشن (MACC) کے چیف کمشنر اعظم باقی نے کہا کہ مہاتیر ان سے تفتیش کیے جانے والوں میں شامل ہیں۔

چیف کمشنر اعظم نے شمال مشرقی ریاست کیلانٹن میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ تحقیقات کو پہلے کسی مناسب وقت تک مکمل ہونے دیں جب تک کہ ہم کیس کے نتائج کو بیان کر سکیں۔

مہاتیر نے 1981 سے 2003 اور پھر 2018 سے 2020 تک جنوب مشرقی ایشیائی ملک کی قیادت کی تاہم ان الزامات پر ان کے ترجمان نے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔

معمول کی کھدائی کے دوران مزدور کی قسمت جاگ اٹھی، ویڈیو وائرل

0
معمول کی کھدائی کے دوران مزدور کی قسمت جاگ اٹھی، ویڈیو وائرل

معمول کی کھدائی کے دوران مزدور کو زمین سے ایسی چمک دار اور قیمتی چیز ہاتھ لگ گئی کہ وہ خوشی سے نہال ہوگیا۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو خوب وائرل ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مزدور پتھر کی تلاش میں کھدائی کر رہا ہے کہ اس کے ہاتھ ایک ایسا پتھر لگ جاتا ہے جس کے اندر سونا موجود ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا گیا کہ وہ پتھر کو چھینی اور ہتھوڑے کی مدد سے دو ٹکڑے کرتا ہے اور اس میں سے سونے کے زیوات برآمد ہوتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر زیادہ تر صارفین ویڈیو کے حقیقت ہونے پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ مزدور نے جان بوجھ کر یہ پتھر زمین میں دفن کر رکھا تھا اور ویڈیو بنانے کیلیے اسے باہر نکالا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Nizar Rida (@treasure_sniiper)

مذکورہ ویڈیو کو لاکھوں صارفین دیکھ چکے اور اپنی رائے کا اظہار بھی کر رہے ہیں تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ کہاں کی ہے۔

ایمن خان کی ہمشکل مونا لیزا ناقدین پر برس پڑیں

0
ایمن خان ہمشکل

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ ایمن خان کی ہمشکل خاتون مونا لیزا سوشل میڈیا صارفین پر برس پڑیں۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اسٹوری میں مونا لیزا نے لکھا کہ میں نے نہیں کہا کہ میں ایمن خان جیسی لگتی ہوں، عوام خود ہی پاگل ہوئی ہے اور خود ہی حسد میں میری تصاویر اور ویڈیوز پر منفی کمنٹس کررہی ہے۔

ایمن خان کی ہمشکل خاتون نے لکھا کہ ’بھائی اکاؤنٹ سے دور رہو اور اسے خراب نہ کرو، ڈائریکٹ میسج میں لوگوں نے میرا جینا دوبھر کردیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں مونا لیزا کو بھارتی فلم کے گانے پر رقص کرتے دیکھا گیا اور سوشل میڈیا صارفین نے انہیں ایمن خان کی ہمشکل قرار دیا۔

بعدازاں سوشل میڈیا صارفین نے مونا لیزا کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈھونڈ نکالا اور ان کی تصاویر اور ویڈیوز پر تنقید کی۔

یاد رہے کہ ایمن خان اور اداکار منیب بٹ نومبر 2018 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، 2019 میں جوڑے کے ہاں بیٹی امل کی پیدائش ہوئی جبکہ گزشتہ سال اگست میں ان کے ہاں دوسری بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام میرال رکھا گیا۔

اسلام آباد میں خواجہ سراؤں نے تھانے پر دھاوا بول دیا، ہنگامہ آرائی

0
خواجہ سرا

اسلام آباد کے تھانہ شالیمار میں خواجہ سراؤں نے تھانے پر دھاوال بول دیا اور ہنگامہ آرائی کی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد کے تھانہ شالیمار پولیس نے 9 گداگر خواجہ سراؤں کو گرفتار کیا تو ان کے 13 ساتھی تھانے پہنچے اور ہنگامہ آرائی کی۔

پولیس نے 22 خواجہ سراؤں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

پولیس کا بتانا ہے کہ اے سی شالیمار نے 9 خواجہ سراؤں کو ایف ٹین مرکز سے گرفتار کیا تھا، خواجہ سراؤں کے 13 ساتھی بھی تھانے پہنچے تھے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خواجہ سراؤں نے تھانے کے سامنے روڈ بلاک کرکے گیٹ اکھاڑنے کی کوشش کی۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ خواجہ سراؤں نے کانسٹیبل کے کپڑے پھاڑے اور اہلکاروں کو دھمکیاں دیں، مزید 13 خواجہ سراؤں کو بھی گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

دلہن نے شادی کی تقریب میں دولہے کو اغوا کر لیا

0
دلہن نے شادی کی تقریب میں دولہے کو اغوا کر لیا

بھارت کی ریاست اتراکھنڈ کے ضلع ہریدوار میں شادی کی تقریب کے دوران دلہن نے طیش میں آ کر دولہا اور اس کے اہل خانہ کو یرغمال بنا لیا۔

دولہا جب اہل خانہ اور دوستوں کے ہمراہ بارات لے کر دلہن کے گھر پہنچا تو ہر طرف خوشی کا ماحول تھا اور سب لوگ تقریب سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔

رسومات سے چند لمحے قبل لڑکے والوں کی طرف سے اضافی جہیز کا مطالبہ سامنے آیا جس پر ہر کوئی حیران رہ گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمیں 15 مربع فٹ زمین کا ٹکرا دیا جائے۔

جب لڑکی والوں نے انکار کیا تو لڑکے والوں نے سخت تنقید کی۔ اس پر لڑکی والے طیش میں آگئے، دلہن نے اہل خانہ اور رشتے داروں کے ساتھ مل کر دولہے میاں اور اس کے گھر والوں کو اغوا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے دولہے کو کار اور اہل خانہ کیلیے تحائف خریدنے کیلیے 10 لاکھ روپے ادا کیے ہیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے زمین خرید کر دینے کا مطالبہ کیا۔

معاملے کا عمل ہونے پر پولیس موقع پر پہنچی۔ دلہن والوں نے شادی منسوخ کرتے ہوئے تقریب کے اخرات کی مد میں دولہے والوں سے 20 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔

پولیس کی موجودگی میں لڑکے والوں نے 20 لاکھ روپے اخراجات کی مد میں ادا کیے اور بارات دلہن کے بغیر واپس لوٹ گئی۔