منگل, مئی 21, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 10586

پاکستان کو افغان بحران کا ذمہ دارٹھہرانا افسوسناک ہے، وزیراعظم

0

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ افغان رہنماؤں کا پاکستان کو افغان بحران کا ذمہ دارٹھہرانا افسوسناک ہے ، خطے کا کوئی ملک پاکستانی کوششوں سے برابری کا دعویدارنہیں ہوسکتا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے پاک افغان یوتھ فورم کے وفد کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں وزیراطلاعات فواد چوہدری، وزیرمملکت فرخ حبیب موجود تھے جبکہ معاون خصوصی ڈاکٹرشہبازگل، سینیٹرفیصل جاویداوراعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے صحافیوں، ایڈیٹرز ، فلمسازوں کاروباری شخصیات وصنعت کاروں،دفاعی تجزیہ نگاروں نے شرکت کی۔

ملاقات میں وزیراعظم نے پاک افغان یوتھ فورم کے اراکین کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یکطرفہ طورپرکشمیرکی خصوصی حیثیت تبدیل کی اور 5اگست سے بھارت نے کشمیریوں پر ظلم وبربریت کے نئے باب کا آغازکیا۔

مقبوضہ کشمیر سے متعلق عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان1948سےکشمیریوں کےحقوق کی عالمی سطح پرآوازاٹھارہاہے لیکن مقبوضہ کشمیرکی اصل حیثیت میں بحالی تک بھارت سےبات نہیں ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ حال ہی میں افغانستان کادورہ کیا،اشرف غنی سے اچھےتعلقات ہیں، افغان رہنماؤں کا پاکستان کو افغان بحران کا ذمہ دارٹھہرانا افسوسناک ہے کیونکہ پاکستان نے امریکا، حکومت اور طالبان میں مذاکرات کیلئے جدوجہد کی۔

افغان عمل میں پاکستان کوششوں کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطے کا کوئی ملک پاکستانی کوششوں سے برابری کا دعویدارنہیں ہوسکتا، پاکستان کی کوششوں کی تائید امریکی نمائندہ خصوصی نے بھی کی، افغانستان میں غلط تاثر ہے پاکستان کوعسکری ادارےکنٹرول کرتےہیں، یہ سراسر بھارت کا پھیلایا ہوا پروپیگنڈا ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ میری حکومت کی خارجہ پالیسی25سال سےپارٹی منشورکاحصہ رہی ہے اور ہمیشہ مؤقف رہاکہ افغان مسئلے کا حل عسکری نہیں سیاسی ہے، 15سال سےبطورپارٹی سربراہ،3سال سےحکومت میں مؤقف پرقائم ہوں اور حکومت کواس مؤقف پرعسکری اداروں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ بھارت کیساتھ امن کاخواہاں ہےمگروہ نہیں چاہتا کیونکہ بھارت اس وقت آرایس ایس کےنظریےکےزیرتسلط ہے، بھارت میں کشمیر، مسلمانوں اور دیگراقلیتوں کیساتھ براسلوک ہورہاہے، یہی محرکات بھارت کےساتھ امن میں بڑی رکاوٹ ہیں۔

افغانستان میں امن کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ افغانستان میں امن چاہتاہے، افغان امن سے پاکستان کو وسط ایشیائی ممالک تک رسائی حاصل ہوگی، اس سلسلے میں ازبکستان سے مزارشریف اور پشاورریلوےلائن معاہدہ کرچکےہیں، ریلوے لائن افغانستان کے راستے پاکستان پہنچے گی۔

عمران خان نے کہا کہ مستقبل کی معاشی حکمت عملی کا انحصار افغانستان میں امن پر ہے، پاکستانی عوام افغانوں کو پڑوسی کی بجائے اپنا بھائی سمجھتےہیں، کرکٹ کی تاریخ میں کم وقت میں ترقی افغانستان نے کی اور افغان مہاجرین کا کیمپوں میں کرکٹ سیکھنا قابل تعریف ہے۔

سعودی عرب کے حوالے سے بڑی خوش خبری

0

ریاض: سعودی عرب نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں بڑی کامیابی حاصل کرلی، مملکت میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کا پہلا منصوبہ مکمل ہوگیا ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں دومۃ الجندل کمپنی نے ہوا سے بجلی تیار کرنے کا پہلا منصوبہ مکمل کیا اور چلانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دومۃ الجندل پراجیکٹ الجوف ریجن میں ہے، یہ ریاض سے 900 کلو میٹر شمال میں واقع ہے۔ سعودی عرب میں اس منصوبے کی تکمیل بڑی کامیابی قرار دی جارہی ہے۔

یہ منصوبہ سعودی عرب میں اپنی نوعیت کا پہلا اور مشرق وسطی میں سب سے بڑا ہے۔ دومۃ الجندل تجدد پذیر توانائی کے ادارے اے ڈی ایف رینوبلز انٹرنیشنل کمپنی اور ابوظبی فیوچر انرجی کمپنی کے تعاون سے اس مشن کی تکمیل ہوئی۔ اس سے سالانہ بنیاد پر 20 لاکھ ٹین کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی آئے گی۔

ہوا سے سالانہ 400 میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی، یہ پروجیکٹ 2022 میں مکمل ہوگا۔

کراچی میں ننھی ماہم کا زیادتی کے بعد قتل ، مقدمہ درج

0
لڑکی

کراچی : شہر قائد میں پولیس نے ننھی ماہم سے زیادتی کے بعد قتل کا مقدمہ درج کرلیا ، مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی کے زمان ٹاؤن تھانے میں ننھی ماہم کے قتل اور زیادتی کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، مقدمےمیں انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہے۔

دوسری جانب کورنگی سے لاپتہ ہونے والی دوسری بچی کا 24گھنٹے بعد بھی پتہ نہیں چل سکا ، لاپتہ ہونےوالی ثمرہ بھی گزشتہ رات گھرسےگئی تھی ، تاہم زمان ٹاؤن پولیس نے ثمرہ کے لاپتہ ہونے کا مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔

یاد رہے زمان ٹاؤن سے لاپتہ 6 سالہ بچی کی لاش برآمد ہوئی تھی، جس کے بعد بچی کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا ، جس میں لیڈی ایم ایل او ڈاکٹر ثمیہ نے بچی ماہم سے زیادتی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ بچی سے پہلے زیادتی کی گئی اس کےبعد قتل کیا گیا۔

ایم ایل او نے ابتدائی رپورٹ اور ویڈیو بیان میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ماہم کوناک اور منہ بند کرکے قتل کیا گیا اور قتل کےدوران ہی زور لگانے سےگردن کی ہڈی ٹوٹی۔

لیڈی ایم ایل او کا کہنا تھا کہ زیادتی کے دوران اسے بدترین تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا، ڈی این اے سمیت دیگر تمام نمونےحاصل کرلیے ہیں، رپورٹ آنے کے بعد واضح ہوگا کہ کتنے افراد نے زیادتی کی، ہم نے اپنی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی ہے۔

بعد ازاں 6 سالہ بچی کے زیادتی کے بعد قتل کے واقعے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 10 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔

بچوں کی حفاظت کے لیے انسٹاگرام کے نئے فیچرز

0
انسٹا گرام

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام نے نئے فیچرز متعارف کروائے ہیں جن کا مقصد بچوں کو محفوظ ڈیجیٹل اسپیس فراہم کرنا ہے۔

انسٹاگرام کی ملکیت رکھنے والی کمپنی فیس بک نے گزشتہ روز ایک پریس ریلیز کے ذریعے تین نئے فیچرز کا اعلان کیا ہے۔

پہلے فیچر یہ ہے کہ اگر 13 سال یا اس سے کم عمر کا کوئی بھی بچہ انسٹا گرام پر اکاؤنٹ بنائے گا تو خود کار طور پر وہ پرائیویٹ ہوگا یعنی اس اکاؤنٹ پر لگائی جانے والی پوسٹس صرف دوسرے کم عمر بچے ہی دیکھ سکیں گے۔

ان کے علاوہ صرف ان ہی بڑوں کی نظروں سے یہ پوسٹس گزر سکیں گی جنہیں یہ بچہ (صارف) خود اجازت دے گا۔

دوسرے فیچر کے ذریعے انسٹاگرام پر مشکوک حرکتیں کرنے والے اکاؤنٹس کی نگرانی میں زیادہ سختی کی جائے گی اور انہیں کم عمر بچوں کو براہ راست پیغامات بھیجنے یا ڈی ایم کرنے سے بھی باز رکھا جائے گا۔

تیسرے فیچر کے ذریعے اشتہار دینے والے اداروں کےلیے بھی آپشنز محدود کیے جائیں گے تاکہ انسٹاگرام استعمال کرنے والے بچوں تک صرف وہی اشتہارات پہنچیں جو ان کی عمر کے حساب سے ہیں۔

اس اعلان سے منسلک ایک اور پوسٹ میں فیس بُک کی نائب صدر یوتھ پروڈکٹس پاؤنی دیوانجی نے واضح کیا ہے کہ اکاؤنٹ بنانے والے فرد کی درست عمر کا پتہ لگانے کے لیے مصنوعی ذہانت کا بھی بھرپور استعمال کیا جائے گا۔

رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

0

لاہور: مقامی عدالت نے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا، نذیر چوہان کےخلاف شہزاداکبرکی مدعیت میں مقدمہ درج ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی خصوصی ٹیم کی جانب سے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کوجسمانی ریمانڈ کیلئے ضلع کچہری میں پیش کیا گیا، جوڈیشل مجسٹریٹ یوسف عبدالرحمان نےجسمانی ریمانڈکی سماعت کی۔

دوران سماعت ایف آئی اے نے نذیر چوہان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے نذیر چوہان کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا اور رکن پنجاب اسمبلی کو 31 جولائی کودوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

گذشتہ روز پی ٹی آئی کے ایم پی اے نذیر چوہان کے روبکار جیل کوٹ لکپھت پہنچتے ہی ایف آئی اے کی ٹیم نے انھیں دوبارہ گرفتار کر لیا تھا ، نذیر چوہان کو شہزاداکبر کی  مدعیت میں درج مقدمے میں گرفتارکیا گیا تھا۔

یاد رہے نذیر چوہان کے خلاف وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کی مدعیت میں 8 جولائی کو ایف آئی اے سائبر کرائم میں مقدمہ درج کیا گیا تھا ، مقدمہ میں دو افراد جاوید بٹ اور وسیم راجہ کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر میں ان دونوں افراد کو سوشل میڈیا کا ساتھی بتایا گیا ہے ، ایف آئی آر متن کے مطابق نذیر چوہان نے سوشل میڈیا پر شہزاد اکبر کے خلاف نفرت انگیز تقریر کی اورمذہبی عقائد کو نشانہ بنایا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ایف آئی اے کی انکوائری میں ثابت ہوا کہ نذیر چوہان نے جھوٹی افواہ پھیلائی ہے۔

ٹوکیو اولمپکس: جوڈو میں بھی پاکستانی ایتھلیٹ ناکام

0

ٹوکیو: پاکستان کے شاہ حسین شاہ کو جوڈو مقابلے کی 100 کلوگرام کیٹیگری میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ٹوکیو اولمپکس دوہزار بیس کے مقابلے جاری ہیں، ویٹ لفٹنگ، بیڈمنٹن اور سوئمنگ کے بعد جوڈو میں بھی پاکستانی ایتھلیٹ ناکام ہوئے۔

شاہ حسین شاہ کی ٹوکیو اولمپکس میں مصر کے رمضان درویش کے ساتھ پہلی فائٹ تھی، مصری ایتھلیٹ نے تین منٹ اور نو سیکنڈز میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے شاہ حسین شاہ کو ٹورنامنٹ سےباہر کردیا۔

یوں طلحہ،ماحور کے بعد شاہ حسین کا بھی اولمپکس میں سفر ختم ہوگیا۔

شاہ حسین شاہ سیئول اولمپکس میں پاکستان کے لیے آخری مرتبہ 1988 میں انفرادی اولمپکس میڈل جیتنے والے باکسرحسین شاہ کے بیٹے ہیں،ان کے والد شاہ حسین کے میڈل جیتنے کے بعد اب تک پاکستان نے اولمپکس میں کوئی انفرادی میڈل حاصل نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ویٹ لفٹر طلحہ طالب کی ویڈیو پر ماہرہ خان کا دلچسپ ٹوئٹ

شاہ حسین شاہ نے جوڈو مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے ساتھ ٹوکیو اولمپک 2021 کی افتتاحی تقریب میں پاکستانی پرچم کے ساتھ پاکستانی دستے کی قیادت بھی کی تھی، اس سے قبل وہ ریو اولمپکس میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

انہوں نے دو ہزار چودہ میں گلاسگو میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ اس کے علاوہ شاہ حسین شاہ دو مرتبہ ساؤتھ ایشین گیمز میں طلائی تمغے جیت چکے ہیں۔

بچوں کو ورزش کروانے کا ایک اور فائدہ

0

بچوں سمیت ہر عمر کے شخص کے لیے جسمانی سرگرمیاں نہایت اہمیت رکھتی ہیں اور حال ہی میں ایک نئی تحقیق میں بچوں کی جسمانی سرگرمیوں کے حوالے سے ماہرین نے نیا انکشاف کیا ہے۔

حال ہی میں امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق ڈیلا ویئر یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ کچھ دیر کی ورزش بچوں کے ذخیرہ الفاظ کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

طبی جریدے جرنل آف اسپیچ لینگوئج اینڈ ہیئرنگ ریسرچ میں شائع تحقیق میں جسمانی سرگرمیوں یا ورزش کے بچوں کی زبان دانی پر اثرات پر روشنی ڈالی گئی۔

تحقیق میں 6 سے 12 سال کے بچوں کو سوئمنگ، کراس فٹ ایکسر سائز یا ڈرائنگ کرنے سے پہلے چند نئے الفاظ سکھائے گئے۔

محققین نے دریافت کیا کہ جن بچوں کو تیراکی کا موقع ملا، انہوں نے ان الفاظ کے ٹیسٹوں میں 13 فیصد زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قابل فہم ہے کیونکہ ورزش سے دماغی نشوونما تیز ہوتی ہے اور نئے الفاظ کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔

تاہم کراس فٹ کے مقابلے میں تیراکی زیادہ مؤثر کیوں ہیں؟ اس کا جواب دیتے ہوئے محققین نے بتایا کہ اس کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ کسی جسمانی سرگرمی کے لیے دماغ کو کتنی توانائی خرچ کرنا پڑتی ہے۔

سوئمنگ ایک ایسی سرگرمی ہے جو بچے آسانی سے کرلیتے ہیں بلکہ ان کو زیادہ ہدایات کی ضرورت بھی نہیں ہوتی، جبکہ کراس فٹ ایکسرسائز ان کے لیے بالکل نئی ہوتی ہے اور انہیں اس کو سیکھنے کی ضرورت ہوتی ہے، جس کے لیے ذہنی توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ ہم تحقیق کے نتائج کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں کیونکہ اس کا اطلاق آسانی سے کیا جاسکتا ہے اور والدین، استاد اور دیگر بچوں کو اس کی مشق کراسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ سادہ عمل ہے اور اس کے لیے کچھ بھی غیر معمولی درکار نہیں ہوتا، بس بچوں کو جسمانی سرگرمیوں کی جانب مائل کرنا ہی کافی ہوتا ہے۔

کویت میں یکم اگست سے مسافروں کے لیے نئی ہدایات کیا ہیں؟

0

کویت حکومت نے فضائی مسافروں کو کورونا وائرس سے بچاؤ اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے احکامات جاری کیے ہیں، احکامات کے خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔

کویت سٹی : محکمہ شہری ہوا بازی نے فضائی کمپنیوں کو ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کویت میں فضائی مسافروں سے متعلق نئے اقدامات یکم اگست سے نافذ ہوں گے۔

کویتی خبررساں ادارے کونا کے مطابق محکمہ شہری ہوابازی نے بتایا کہ ویکسین لگوانے والے کویتی شہری یا مقیم غیرملکی پی سی آر فیس سے مستثنیٰ ہوں گے، پی سی آر فیس "کویت مسافر” ایپ کے ذریعے بیس دینار مقرر ہے۔

کویتی محکمہ شہری ہوابازی کا کہنا ہے کہ کویت میں پی سی آر ان مسافروں کا کیا جاتا ہے جو ہاؤس آئسولیشن کی پابندی نہیں کرنا چاہتے۔ اگر پی سی آر رپورٹ کلیئر آئے تو ایسی صورت میں اسے ہاؤس آئسولیشن کی ضرورت نہیں ہوتی۔

محکمہ شہری ہوا بازی کی ہدایت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں نہ لینے والے کسی بھی کویتی شہری کو ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

کرونا وائرس مریضوں کے خون میں لوتھڑے کیوں بنتے ہیں؟

0

کرونا وائرس کے مریضوں کو اکثر خون میں لوتھڑے بننے کی شکایت ہونے لگتی ہے تاہم ماہرین نے اب اس کی وجہ دریافت کرلی ہے۔

برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق کے مطابق کووڈ 19 سے بہت زیادہ بیمار افراد میں ورم اور بلڈ کلاٹس کی ممکنہ وجہ وہ اینٹی باڈیز ہوتی ہیں جو جسم اس بیماری سے لڑنے کے لیے تیار کرتا ہے، مگر وہ پھیپھڑوں میں غیر ضروری پلیٹ لیٹس سرگرمیوں کو متحرک کردیتی ہیں۔

طبی جریدے جرنل بلڈ میں شائع تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کس طرح کووڈ 19 سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے بننے والی اینٹی باڈیز جان لیوا بلڈ کلاٹس کا باعث بن جاتی ہیں۔

پلیٹ لیٹس خون کے وہ ننھے خلیات ہیں جو جریان خون کو روکنے یا اس کی روک تھام کے لیے کلاٹس بنانے کا کام کرتے ہیں، مگر جب ان خلیات کے افعال متاثر ہوتے ہیں، تو سنگین طبی اثرات جیسے فالج اور ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑھتا ہے۔

تحقیق کے لیے کووڈ 19 سے بہت زیادہ بیمار افراد کے جسم میں کورونا وائرس کے اسپائیک پروٹین سے لڑنے کے لیے بننے والی اینٹی باڈیز کے نمونے حاصل کیے گئے اور لیبارٹری میں ان کے کلون تیار کیے گئے۔

ماہرین نے دریافت کیا کہ ان اینٹی باڈیز کی سطح پر موجود مواد صحت مند افراد کی اینٹی باڈیز سے مختلف ہیں۔

جب صحت مند افراد سے حاصل کی گئی اینٹی باڈیز کی لیبارٹری میں کووڈ کے مریضوں کے خلیات جیسی نقول تیار کی گئیں تو ماہرین نے پلیٹ لیٹس سرگرمیوں میں اضافے کا مشاہدہ کیا۔

تحقیقی ٹیم نے یہ بھی دریافت کیا کہ مختلف ادویات کے متحرک اجزا کی مدد سے ایسا ممکن ہے کہ پلیٹ لیٹس کو ردعمل سے روک کر یا اس کی سطح میں کمی لائی جاسکے۔

نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ اس وقت مدافعتی نظام کے مسائل کے علاج کے لیے استعمال کی جانے والی ادویات سے خلیات کو بہت زیادہ متحرک پلیٹلیٹس ردعمل کو کم یا روکا جاسکے۔

امپرئیل کالج لندن اور امپرئیل کالج ہیلتھ کیئر این ایچ ایس ٹرسٹ نے اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں پر ان ادویات کے کلینیکل ٹرائلز شروع کردیے ہیں تاکہ دیکھا جاسکے کہ ان سے کووڈ کے مریضوں میں بلڈ کلاٹس کو کس حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔

اس نئی تحقیق سے برطانیہ میں جاری ٹرائلز کو سائنسی بنیادوں پر سپورٹ ملتی ہے، ابھی ٹرائل کے نتائج تو سامنے نہیں آئے مگر دونوں ٹیموں کی جانب سے اکٹھے مل کر کام کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔

محققین نے بتایا کہ اب تک یہ صرف ہمارا خیال تھا کہ پلیٹ لیٹس ممکنہ طور پر کووڈ کے مریضوں میں بلڈ کلاٹس کا باعث بنتے ہیں مگر اب اس حوالے سے شواہد سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم لیبارٹری میں پلیٹ لیٹس پر اپنی تحقیق کے نتائج پر بہت پرجوش ہیں، کیونکہ اس سے اہم میکنزمز کی وضاحت کرنے میں مدد ملتی ہے کہ کیسے اور کیوں کووڈ کے بہت زیادہ بیمار افراد کو خطرناک بلڈ کلاٹس کا سامنا ہوتا ہے اور سب سے اہم کہ کس طرح اس کی روک تھام کی جاسکتی ہے۔

ماہرین نے مزید کہا کہ کرونا کی وبا کے آغاز میں ہی یہ واضح ہوگیا تھا کہ اس بیماری سے مدافعتی ردعمل بہت زیادہ متحرک ہوجاتا ہے جس سے مختلف پیچیدگیوں بشمول بلڈ کلاٹس کا سامنا ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا خیال ہے کہ اس وقت آسانی سے دستیاب ادویات سے کووڈ کی اس پیچیدگی کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے، ہم ابھی تک اپنے ٹرائل کے نتائج کا انتظار کررہے ہیں، اس لیے ابھی ہم نہیں کہہ سکتے کہ ان ادویات سے مریضوں کو کس حد تک مدد مل سکتی ہے، مگر ہمیں توقع ہے کہ ایسا ممکن ہوگا۔

خیال رہے کہ بلڈ کلاٹس کا مسئلہ اس وقت ہوتا ہے جب خون گاڑھا ہوجاتا ہے اور شریانوں میں اس کا بہاؤ سست ہوجاتا ہے، ایسا عام طور پر ہاتھوں اور پیروں میں ہوتا ہے مگر پھیپھڑوں، دل یا دماغ کی شریانوں میں بھی ایسا ہوسکتا ہے۔

سنگین کیسز میں یہ مسئلہ جان لیوا ہوتا ہے کیونکہ اس سے فالج، ہارٹ اٹیک، پھیپھڑوں کی رگوں میں خون رک جانا اور دیگر کا خطرہ بڑھتا ہے۔

آزاد کشمیر: حلقہ ایل اے 16 شرقی باغ کے 4 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ جاری

0

باغ : کشمیر کے علاقے ایل اے 16 شرقی باغ کے4پولنگ اسٹیشنزپر دوبارہ پولنگ جاری ہے، انتخابات کے دوران تحریک انصاف اورپیپلزپارٹی کےامیدواروں میں کانٹےکامقابلہ متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق کشمیر کے علاقے ایل اے 16 شرقی باغ کے4پولنگ اسٹیشنزپر دوبارہ پولنگ کا عمل جاری ہے ، پولنگ اسٹیشن نمبر 42 – 134 – 135-136 پر پولنگ شام 5بجے تک جاری رہے گی۔

انتخابات کے دوران تحریک انصاف اورپیپلزپارٹی کےامیدواروں میں کانٹےکامقابلہ متوقع ہے تاہم 163پولنگ اسٹیشنزکےنتائج کےمطابق پی ٹی آئی امیدوارکو 199ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔

یاد رہے آزاد کشمیر میں 25جولائی کو ہونے والے انتخابات میں لڑائی جھگڑے اور پولنگ بیگ چھن جانے پر نتیجہ روکا گیا تھا، دو پولنگ اسٹیشن پر سرے سے پولنگ ہی نہیں ہوئی جبکہ باغ کے دو پولنگ اسٹیشن پر سیاسی کارکنان کے درمیان جھگڑے کے باعث بیلٹ پیپرز جلادئیے گئے تھے۔

ایل اے 16 شرقی باغ میں ری پولنگ والے 4پولنگ اسٹیشنزپر2380رجسٹرووٹ ہیں۔

خیال رہے حالیہ انتخابات میں پی ٹی آئی 25 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے اور اسے حکومت بنانے کے لئے سادہ اکثریت حاصل ہوچکی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی گیارہ نشستوں کےساتھ دوسرے نمبرپر جبکہ حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ کو بُری طرح شکست ہوئی اور وہ صرف چھ نشستیں حاصل کرسکی۔